• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگ کے ٹکٹ پر سینیٹر منتخب نہیں ہوا، شمیم آفریدی


سینیٹر شمیم آفریدی کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پر رکن سینیٹ منتخب نہیں ہوا، آزاد حیثیت سے اپوزیشن نشستوں پر بیٹھتا ہوں۔

مسلم لیگ ن کی جانب سے شوکاز دیے جانے کے بعد سینیٹر شمیم آفریدی نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایف اے ٹی ایف بل پر ووٹنگ کے دن کافی دور علاقے میں تھا۔

شمیم آفریدی نے کہا کہ ان کی کافی دشمنیاں ہیں، علاقے سے نکلنے سے قبل سیکیورٹی دیکھنا ہوتی ہے، جب مشترکا اجلاس میں شرکت کی اطلاع دی گئی تو کافی دور تھا۔

انہوں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف بل پر ووٹنگ کیلئے جس وقت پہنچا اجلاس ختم ہوچکا تھا۔

ن لیگ کا بزدار سے ملاقات کرنے والے ارکان کو پارٹی سے نکالنےکا فیصلہ

واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے پارٹی نظم وضبط کی خلاف ورزی کرنے والے ارکان کو پارٹی سے نکالنےکا فیصلہ کیا ہے۔

ن لیگ نے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے ملاقات کرنے والے مسلم لیگ ن کے 5 ارکان کو پارٹی سے نکالنےکا فیصلہ کیا ہے، قیادت کی منظوری سے پارٹی سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے فیصلے کا اعلان کردیا۔

پارٹی سے نکالے جانے والے اراکین پنجاب اسمبلی میں اشرف انصاری، جلیل شرقپوری، فیصل نیازی، نشاط ڈاہا اور مولوی غیاث الدین شامل ہیں۔

ایم پی ایز کے خلاف کارروائی صدر ن لیگ پنجاب رانا ثنااللّٰہ کے دستخطوں سے عمل میں آئی، اس کے علاوہ فیٹف کی ووٹنگ میں غیرحاضر مسلم لیگ ن کے پارلیمان کے ارکان کو بھی شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا ہے۔

راحیلہ مگسی، کلثوم پروین، دلاور خان اور شمیم آفریدی کو شوکاز نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔

اس حوالے سے احسن اقبال کا کہنا ہے کہ سینیٹ میں پارٹی ارکان کو شوکاز نوٹس راجا ظفرالحق کے دستخطوں سے جاری ہوئے، شوکاز کی کارروائی کے بعد اگلے مرحلے کا فیصلہ ہوگا۔

تازہ ترین