نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) نے شادی ہالز اور ریسٹورینٹس کو کورونا وائرس کے پھیلاؤ کا مرکز قرار دے دیا۔
پاکستان بھر میں کورونا وائرس کی صورتِ حال کا جائزہ لینے کے لیے کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، ایس او پیز کی خلاف روزی کی وجہ سے شادی ہال اور ریسٹورنٹ کورونا کا مرکز بن رہے ہیں۔
این سی او سی کے اجلاس میں بتایا گیا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر کراچی میں 6 شادی ہال اور 103 ریسٹورنٹ بند کر دیئے گئے ہیں۔
اجلاس میں ہدایت دی گئی ہے کہ شادی ہال اور ریسٹورنٹ پر خاص طور پر نظر رکھی جائے اور ایس او پیز کی خلاف ورزی کے مرتکب شادل ہال و ریسٹورنٹ کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے۔
این سی او سی نے سندھ، پنجاب، بلوچستان، خیبر پختون خوا، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور اسلام آباد انتظامیہ کو کورونا کے حوالے سے سخت حفاظتی اقدامات کی ہدایات دے دی ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے ملک میں کورونا وائرس کی ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ شادی ہال اور ریسٹورنٹس کے کورونا مرکز بننے کا خدشہ ہے، صوبے صحتِ عامہ کی حفاظت کیلئے قانون شکنوں کے خلاف فوری کارروائی کریں۔
واضح رے کہ کورونا وائرس کے کیسز بڑھنے کے بعد کراچی کے مختلف علاقوں، منگھو پیر یوسی 8، ضلع جنوبی کے مختلف علاقوں اور ڈیفنس میں بھی مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نفاذ کیا گیا ہے۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے کیسز اور اس سے اموات میں مسلسل کمی جبکہ اس سے شفایاب ہونے والوں میں اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے ملک کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں 21 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 625 نئے کورونا وائرس کے کیسز سامنے آ گئے، مزید 15 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 558 مریض اس بیماری سے شفایاب ہو گئے۔
پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 13 ہزار 431 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 6 ہزار 499 تک جا پہنچی ہے۔
کورونا وائرس کے ملک میں 8 ہزار 877 مریض اب بھی اسپتالوں، قرنطینہ مراکز اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 480 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 2 لاکھ 98 ہزار 55 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔