کراچی(اسٹاف رپورٹر) پی سی بی کے چیف سلیکٹر اور قومی کر کٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق نےاپنے ساتھی سلیکٹرز کے ساتھ زمبابوے کے خلاف ہوم سیریز اور دورہ نیوزی لینڈ کیلئے پاکستانی اسکواڈ کے حوالے سے ابتدائی مشاورت مکمل کر لی ہے۔دورہ نیوزی لینڈ کیلئے 35 کھلاڑیوں کو فائنل کئے جانے کا امکان ہے، اسکواڈ میں پاکستان ٹیم اور پاکستان شاہین کے کھلاڑی شامل ہوں گے، پاکستان کرکٹ ٹیم آئندہ ماہ سے دورہ انگلینڈکے بعد ایک بار پھر انٹر نیشنل مقابلوں کاآغاز کررہی ہے ، نومبر کے تیسرے ہفتے میں پاکستان شاہین کی بھی نیوزی لینڈ روانگی پاکستان ٹیم کے ساتھ ہی شیڈول ہے۔ زمبابوے ہوم سیریز اور دورہ نیوزی لینڈکیلئے کھلاڑیوں کے ناموں کو آئندہ ہفتے حتمی شکل دیئے جانے کا امکان ہے ، ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق کی صوبائی ایسوسی ایشنز کے کوچز کے ساتھ ابتدائی مشاورت ملتان میں ہوئی اور اب ساتھی کوچز کے ساتھ مشاورت کے بعد آئندہ ہفتے ناموں کو حتمی شکل دی جا سکتی ہے۔ زمبابوے کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں نوجوان کھلاڑیوں کو موقع ملنے کا امکان ہے جس میں عبداللہ شفیق، زیشان ملک اورذیشان اشرف کو اسکواڈ میں شامل کیا جاسکتا ہے، جب کہ ون ڈے اسکواڈ میں چند تبدیلیوں کا مصباح الحق پہلے ہی اشارہ دے چکے ہیں۔پاکستان شاہین میں ٹاپ پرفارمرز کو رکھاجائے گا۔ پاکستان شاہین نے نیوزی لینڈ میں دو چار روزہ اور 6ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے ہیں جب کہ پاکستان ٹیم زمبابوے کے خلاف تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی۔ دورہ نیوزی لینڈ میں پاکستان ٹیم دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز شیڈول ہے۔پاکستان ٹیم اور پاکستان شاہین کے کھلاڑی ایک دوسری ٹیموں کو دستیاب ہوں گے۔