لندن(مرتضیٰ علی شاہ ) پاکستان ہائی کمیشن نواز شریف کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری یہاںموصول ہونے کے تقریباً ایک ماہ بعد بھی ایون فیلڈ ہائوس پر اس کی تعمیل کرانے سے قاصر ہے جبکہ برطانوی حکومت نے پاکستانی حکام کو آگاہ کر دیا ہے کہ وہ اس معاملہ میں ملوث نہیں ہوگی۔ پاکستان ہائی کمیشن میں ذرائع نے دی نیوز کو بتایا ہے کہ وارنٹ گرفتاری کی ایون فیلڈ فلیٹس پر ڈلیوری اور دستخطوں کے لئے اب تک پانچ کوششیں کی جا چکی ہیں تاہم کوئی کامیابی نہیں ملی کیونکہ نہ تو نواز شریف اور نہ ہی شریف فیملی کے کسی رکن نے سرکاری کاغذات پر دستخط کئے۔پاکستان ہائی کمیشن میں ذرائع نے کہا کہ اس کے سٹاف ارکان پراپرٹی کے استقبالیہ پر گئے مگر فیملی کے کسی رکن سے ملاقات نہیں کر سکے۔ حالیہ وزٹ جمعرات کی شام دو افسران نے کیا جو ڈنریون سٹریٹ پر تقریباً دس منٹ تک رہے تاہم وہ استقبالیہ پر بھی جائے بغیر واپس لوٹ گئے۔ سابق وزیراعظم حسن نواز کے دفتر سے محض پانچ منٹ کی مسافت پر اپنی پارٹی کی سینٹرل ورکنگ کمیٹی ( سی ڈبلیو سی) اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ پاکستانی سفارت کاروں نے نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کے لئے فارن اینڈ کامن ویلتھ آفس ( ایف سی او ) کی معرفت بھی برطانوی حکومت سے کہا مگر برطانوی حکومت نے پاکستانی حکام کو واضح طور پر کہہ دیا کہ برطانوی حکومت پاکستان کے اندرونی سیاسی معاملات میں مداخلت نہیں کرے گی۔پاکستان ہائی کمیشن کے پاس آپشنز محدود ہیں۔