واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) ہولی وڈ کے معروف فلم ساز مائیکل مور نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے کوروناوائرس میں مبتلا ہونے کو ایک ممکنہ چال قرار دے دیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مائیکل مور نے ٹرمپ میں کورونا کی تشخیص سے متعلق شکوک وشبہات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہوسکتا ہے امریکی صدر نے انتخابات ملتوی کرنے کے لیے یہ چال چلی ہو اسی لیے وہ کورونا کا شکار ہونے کی جھوٹی خبریں پھیلا رہے ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس پر جاری اپنی طویل پوسٹ میں فلم ساز کا کہنا تھا کہ انتخابات میں ہمدردی حاصل کرنے کے لیے ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میلانیہ خود کو کورونا کے مریض قرار دے رہے ہیں۔انہوں نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ ٹرمپ نومبر میں ہونے والا الیکشن ملتوی بھی کرنا چاہتے ہوں۔مائیل مور کا یہ بھی کہنا تھا کہ امریکی صدر جھوٹ بولنے میں ماہر ہیں اسی ضمن میں ہم یقین نہیں کرسکتے کہ وہ کورونا کا شکار ہوچکے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ ہر ایک گھنٹے میں دو سے تین بار جھوٹ بولتے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹرمپ کو یقین ہوگیا ہے کہ وہ انتخابات ہار جائیں گے، لوگ اب ان سے نفرت کرنے لگے ہیں، عوام امریکی صدر کو مزید اس عہدے پر نہیں دیکھنا چاہتے۔