اسلام آباد‘لاہور(ایجنسیاں)مسلم لیگ( ن ) نےمعاون خصوصی شہبازگل کی جانب سے مریم نوازپر لگائے گئے الزامات کی تردید کردی۔ن لیگ کے رہنماء سیف الملوک کھوکھرکا کہناہے کہ مریم نواز کی کھوکھر پیلس میں کسی بھارتی شہری سے ملاقات نہیں ہوئی‘ شہبازگل کو لیگل نوٹس بھجواؤں گا۔
مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ خا ن نے کہا ہے کہ مریم نواز کی جن ملاقاتوں کا جھوٹا ذکر کیا جا رہا ہے کیا وہ شہباز گل کی موجودگی میں ہوئیں؟
حکومتی کردار افواج پاکستان کو متنازع بنارہے ہیں‘مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب کہتی ہیں کہ غداری کا بیانیہ ملک اور جمہوریت کے نقصان کے علاوہ کچھ نہیں جبکہ مسلم لیگ نون کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہاہے کہ حکومت کی حکمت عملی ہے کہ افواجِ پاکستان اور عدلیہ کو مسلم لیگ نون سے لڑایا جائے۔
تفصیلات کے مطابق سیف الملوک کھوکھر نےشہبازگل کی جانب سے مریم نوازپر لگائے گئے الزامات کی تردید کرتے ہوئے شہباز گل کو الزامات ثابت کرنے کےلئے لیگل نوٹس بھجوانے کا اعلان کر دیا، اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی کھوکھر پیلس میں کوئی ایسی ملاقات نہیں ہوئی۔
سیف الملوک کھوکھر نے شہباز گل کو مناظرے کا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ شہبازگل کو ایسے گھٹیا الزامات لگانے پر شرم آنی چاہئے تحریک انصاف کا اپنے لیڈر عمران خان کی طرز پر جھوٹ بولنے کا وطیرہ ہے ‘شہباز گل اگر الزامات ثابت کر دیں تو کھوکھر برادران سیاست کو الوداع کہہ دیں گئے ۔
دریں اثناءڈاکٹر شہبازگل کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناءاللہ خا ن نے کہا ہے کہ مریم نواز کی جن ملاقاتوں کا جھوٹا ذکر کیا جا رہا ہے کیا وہ شہباز گل کی موجودگی میں ہوئیں ؟
حکومتی ناپاک کردار افواج پاکستان کو متنازع بنارہے ہیں‘غدار ، انڈین ایجنٹ ، وغیرہ وغیرہ کے مسترد شدہ بیانیے سے نواز شریف کو کوئی فرق نہیں پڑتا ‘حکومتی کرپشن، ووٹ چوری، مہنگائی، بیروزگاری، معاشی تباہی پر اپوزیشن کے سوالات کا جواب نہیں ملتا تو انڈین ایجنٹ اور غدارکی گردان شروع کردی جاتی ہے۔
ادھرمریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ کے باوجود احتساب کا بیانیہ دفن ہوگیا‘ غداری کا بیانیہ ملک اور جمہوریت کے نقصان کے علاوہ کچھ نہیں۔
اتوار کو اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئےمریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ کرائے کے ترجمان صبح و شام ایک خطرناک بیانیہ شروع کرتے ہیں، روز صبح اٹھ کر نوازشریف اور ن لیگ کا راگ الاپا جاتا ہے‘نوازشریف کیخلاف کرپشن نہ ملی تو غداری کا بیانیہ لے آئے‘جو لوگ عوام کے مینڈیٹ سے نہیں آئے وہ غداری کے سرٹیفکیٹ دے رہے ہیں۔