کوئٹہ( این این آئی)مرکزی جمعیت اہلحدیث بلوچستان کے نائب امیر مولانا عصت اللہ سالم نے مجلس عاملہ کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہےکہجمہوری قوتوں کے متحد ہونے کا وقت آگیا ہے،جعلی حکومت کی بنیادیں ہل چکی ہیں، الیکشن کے نتائج چوری کرنا سب سے بڑی کرپشن ہے،ہمیں فیصلہ کرنا ہو گا حکومت عوام کے نمائندوں نے کرنی ہے یا غیر جمہوری اداروں نے، مولانا فضل الرحمنٰ کو متفقہ طور پر پی ڈی ایم کا صدر بناکر ایک دانشمندانہ فیصلہ کیا گیا جو ایک احسن و خوش آئند اقدام ہے۔مرکزی جمعیت اہل حدیث 11 اکتوبرکے جلسہ میں بھرپور شرکت کرے گی۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے دینی اقدار کو مسخ کیا ۔شعائر اسلام اور حدود اللہ کا مذاق اڑانے والوں کی سرپرستی کی ، ہماری جنگ اسلام اور ملک دشمنوں کے خلاف ہے، ہم اپنے نظریات اوراصولوں پر سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ قرآن وسنت کی بالادستی اور جمہوریت کے استحکام کے لیے ہر قسم کی قربانی دیں گے، موجودہ حکومت جب سے برسراقتدار آئی ہے ملک کی نظریاتی شناخت مٹ رہی ہے، عالمی سطح پر پاکستان کو تنہائی کاشکار کردیا گیا ہے،یہ حکومت پوری قوم پر بوجھ بنی ہوئی ہے۔ اس سے نجات حاصل کرنا ناگزیر ہوچکا ہے۔