کوئٹہ( آئی این پی) پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن جنوبی پشتونخوا زون کے زونل ڈپٹی سیکرٹری ملک عمر خان کاکڑ ، نصیر ننگیال اور محمود شیرانی نے کہا ہے کہ18 اکتوبر کا جلسہ نا اہل حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں سے نجات کا پہلا قدم ہے، ملک میں بدامنی انتہاپسندی دہشت گردی لاقانونیت اور کرپشن اغوا برائے تاوان چوری اور ڈکیتی کا بازارگرم ہے، مہنگائی اور بے روزگاری عروج پر ہے، عوام درپدری اور کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں ایسے حالات میں حقیقی جمہوری سیاسی جماعتوں کا اتحاد خوش آئند ہے، سلیکٹڈ حکمرانوں سے نجات کیلئے جمہوری جدوجہد میں تمام روشن فکر مترقی و جمہوری طلبا تنظیمیں متحد ہوکر سیاسی جماعتوں کے شانہ بہ شانہ آمرانہ قوتوں کے خلاف صف آرا ہوں۔بیان میں کہا گیا کہ پشتون قومی تحریک پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے روز اول سے جمہوریت کیلئے بے پناہ قربانیاں دیں ہیں، خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی سے لیکر آخری شہید تک تاریخ ساز جدوجہد پر پشتون افغان ملت کو افتخار کرنا چاہئے، بیان میں کہا گیا کہ پی ایس او کے طلبا آرگنائزیشن کے تاریخی جلوس میں بروقت شرکت کو یقینی بنائیں۔ بیان میں کہا گیا کہ طلبا اپنے تعلیمی اداروں کے جنرل باڈی اجلاسوں میں بھرپور شرکت کریں۔