مقبول ترین تُرک اداکارہ اسرا بیلگیچ نے جانوروں کے تحفظ کے لیے اپنی آواز بُلند کردی۔
’ارطغرل غازی‘ میں ایک نیک دل اور خوش اخلاق حلیمہ سلطان کا کردار نبھا کر دُنیا بھر میں اپنی مقبولیت کے جھنڈے گاڑنے والی اسرا بیلگیچ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کی ہے جس میں ایک لکڑی کے ہرن کو مردہ حالت میں دِکھایا گیا ہے جبکہ اصلی ہرن کا بچہ اپنی جان بچانے کے لیے اُس نقلی ہرن کے پیچھے چُھپ کر بیٹھا ہے۔
انسٹاگرام پر تصویر شیئر کرتے ہوئے اسرا بیلگیچ نے ترکش زبان میں لکھا کہ ’معصوم اور بے زبان جانوروں کا شکار کرنا قتل ہے۔‘
اسرا بیلگیچ نے جانوروں کے تحفظ کے لیے آواز اُٹھاتے ہوئے مداحوں سے کہا کہ ’ آئیے ہم سب ملکر اُن تمام جانداروں کی زندگی کی حفاظت کے لیے اپنی آواز بُلند کرتے ہیں جو زندہ رہنے کا حق رکھتے ہیں۔‘
تُرک اداکارہ نے اس مہم سے متعلق کہا کہ ’اگر آپ میرا ساتھ دینا چاہتے ہیں تو میری پروفائل میں دیے گئے لنک پر کِلک کرکے اس مہم کی حمایت کریں۔‘
خیال رہے کہ آج کل اسرا بیلگیچ کا نیا ڈرامہ ترکی میں نشر کیا جارہا ہے،’رامو‘ جرائم پر مبنی ایک ترکش ڈرامہ ہے اور اس ڈرامہ سیریز میں اسرا بیلگیچ ایک ’بولڈ اور ماڈرن خاتون‘ کا کردار ادا کر رہی ہیں۔