لاہور ( صابر اعوان )پاکستان ریلوے مسافر کوچز کی شدید کمی کا شکار ہے ، کورونا ختم ہونے کے باوجود ٹرین آپریشن مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکا ہے مجموعی طور پر 1719کوچز میں سے 652کوچز خراب پڑی ہیں ۔ کورونا میں کمی کے بعد ایس او پیز کے ساتھ اس وقت 50اپ اینڈ ڈائون مسافر ٹرینیں بحال کی گئی ہیں جبکہ 90اپ اینڈ ڈائون ٹرینیں اس وقت بھی ملک بھر میں بند ہیں ریلوے انتظامیہ وسائل کی کمی کے باعث مسافر کوچز کی مرمت کرنے میں ناکام نظر آتی ہے جس کی وجہ سے مجموعی طور پر ملک بھر میں 1719مسافر کوچوں میں سے 652مسافر کوچز خراب پڑی ہیں 38فیصد کوچز دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے ٹرینیں نجی شعبہ کے حوالے کرنے کا کام بھی سست روی کا شکار ہے ذرائع کے مطابق ٹرین آپریشن متاثر ہونے سے ریلوے کو پہلے 80روز میں ہدف سے 7ارب 61کروڑ کم آمدن ہوئی کورونااور لاک ڈائون کے موقع پر ریلوے سسٹم پر 434مسافر کوچز خراب تھیں جو اب بڑھ کر 652ہو چکی ہیں جس کی وجہ سے معمول کا ٹرین آپریشن تاحال مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکا ہے ۔