کراچی، اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر، جنگ نیوز، خبرایجنسی) کورونا میں مسلسل اضافہ، 644 نئےکیسز، 4مریض چل بسے،کراچی میں مزید 3شاد ی ہالز بند کردیے گئے،سندھ میں 2مریض کاانتقال، 252نئے کیسز رپورٹ، 24 گھنٹوں کے دوران 432مریض صحتیاب ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں 24 گھنٹوں میں کورونا سے مزید 4 افراد انتقال کر گئے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق ملک میں کورونا سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد6 ہزار517 ہوگئی جبکہ644 نئے کیسز کیساتھ متاثرہ مریضوں کی تعداد 3 لاکھ15ہزار260 ہوگئی ہے،وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیر صدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اجلاس میں شادی ہالز، ریسٹورنٹس کے ذریعےکورونا کے پھیلاؤ پر تشویش کا اظہار کیا گیا جبکہ تعلیمی اداروں میں ایس او پیز پر عمل کرنے اور کورونا کی روک تھام کے اقدامات کو سراہا گیا۔ادھر سندھ میں کورونا وائرس سے مزید2 جاں بحق جبکہ 252 نئے کیس سامنے آئے ہیں ، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا سے متعلق اپنے بیاں میں بتایا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 7993 ٹیسٹ کئے گئے جن کے نتیجے میں 252 نئے کیس سامنے آئے جو موجودہ تشخیصی شرح 3.1 فیصد ہیں۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ وائرس کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے مزید دو مریض اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے جن کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 2523 تک پہنچ گئی ہے جوکہ 1.8 فیصد شرح اموات ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 432 مریض صحتیاب ہوگئے۔ اب تک صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 131462 تک پہنچ چکی ہے جوکہ 95فیصد صحتیاب کی شرح ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ اس وقت 4608 مریض زیر علاج ہیں جن میں 4327 گھروں میں، آئسولیشن مراکز میں 6 اور مختلف اسپتالوں میں 275 مریض شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ 188 مریضوں کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے ان میں سے 33 کو وینٹی لیٹرز پر منتقل کردیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے مطابق کراچی سے 252 نئے کیسوں میں سے 166 کا پتہ چلا ہے ان میں سے ضلع شرقی 68، ضلع جنوبی 37، ضلع وسطی 28، ضلع کورنگی 18، ضلع ملیر 9 اور ضلع غربی 6ہیں جبکہ دیگر اضلاع میں حیدرآباد میں 14، نوشہروفیروز 5، ٹنڈو الہیار 4، جامشورو اور بدین 3-3، میرپورخاص، شہید بینظیرآباد اور ٹنڈو محمد خان 2-2 اور لاڑکانہ میں ایک کیس رپورٹ ہیں۔ادھر کراچی میں کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر ڈپٹی کمشنرز کی کارروائیاں، ڈپٹی کمشنرز ضلع وسطی نے 3 دن کیلئے مزید11ریسٹورنٹس کو سیل کردیا،خلاف ورزی پر 3بینکوئٹس، ایک ڈیری شاپ اور ایک مارٹ کو بھی تین روز کے لئے بند کرادیا، ڈپٹی کمشنر وسطی ایم بی دھاریجو نے کہا کہ ہوٹلز،دکانوں اور مارٹ میں کورونا ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر شادی ہالز، ریسٹورینٹس اور دیگر دکانوں کو وارننگ جاری کی۔