اسلام آباد (این این آئی)تحریکِ انصاف کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہاہے کہ نواز شریف دوبارہ اپنی پرانی روش پر چل نکلے ہیں‘ ʼخرید لو یا ʼدھمکاؤان کا پرانا وتیرہ ہے‘چھانگا مانگا میں اراکین اسمبلی کا سجایا گیا جمعہ بازار بھی قوم کے سامنے ہے، جسٹس سجاد علی شاہ کی عدالت پر مسلح یلغار کے شرم ناک مناظر قوم کے سامنے ہیں۔ایک بیان میں فیصل جاوید نے کہا کہ ریاستی و قومی اداروں کے سربراہان و افسران کی طویل فہرست ہے جنہیں شریف خاندان نے شر کا نشانہ بنایا۔رفیق تارڑ کا بریف کیس بھر کر کوئٹہ میں ججوں کی خریداری کے لیے جانا بھی ذہن میں تازہ ہے، جسٹس ملک قیوم کو شہباز اور ان کے درباری سیف الرحمن کی فون کالز میڈیا پر گونج رہی ہیں۔عدالتوں سے سزا یافتہ خاتون کی قیادت میں نیب کے دفتر پر پتھرائو تو کل کی بات ہے۔