• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن عالم انسانیت کیلئے باعث شرم ہے، حبیب الرحمٰن حبیب

بریڈفورڈ(پ ر) مرکزی جمعیت اہل حدیث برطانیہ کی مجلس نظامت کاہنگامی اجلاس کشمیرکی موجودہ صورتحال پر گزشتہ روز ڈیوزبری ویسٹ یارکشائر میں منعقد ہوا،جس میں مقبوضہ کشمیر اور مقبوضہ فلسطین میں دشمن افواج کی درندگی اور جارحیت کی شدیدمذمت کی گئی، اجلاس کی صدارت امیر مرکزیہ مولانامحمد ابراہیم میرپوری نے کی، قاری ذکاء اللہ سلیم کی تلاوت قرآن مجید کے بعدمرکزی ناظم اعلیٰ حافظ حبیب الرحمٰن حبیب نے اجلاس کی غرض و غایت بیان کرتے ہوئے کہا کہ امت اسلام جہاں اور بہت ہی مصیبتوں اور مشکلات سے آزمائی جارہی ہے وہاں مقبوضہ فلسطین میں یہودکی پالیسیوں اور مقبوضہ کشمیرمیں ہنود حکومت کے جبرو ستم سے انسانیت چیخ اٹھی ہے لیکن دنیا کے نام نہاد مہذب ممالک اس ظلم پر خاموش ہیں۔مولاناحبیب الرحمٰن نے مزید کہا بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر میںتاریخ کاسب سے طویل لاک ڈاؤن عالم انسانیت کیلئے باعث شرم ہے جس کو14 ماہ کا طویل عرصہ مکمل ہوچکاہے اور نام نہاد مہذب دنیا کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ سکی ۔اجلاس میں سابق ناظم اعلی مرکزیہ مولانا محمد شعیب میرپوری نے کہاموجودہ حالات میں مرکزی جمعیت اپنی ذمہ داریوں سے غافل نہیں رہ سکتی ،مولاناشفیق الرحمٰن شاہین نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلہ میں مرکزی جمعیت اہل حدیث اپنی استطاعت کے مطابق انٹرنیشنل سطح پرایک فورم بنائے گی تاکہ مظلوم کشمیریوں کے درد وکرب کواجاگر کیاجاسکے ،سیکرٹری اطلاعات مولاناعبدالاعلیٰ درانی نے اعداد وشمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں ہونے والے حالیہ حملے میں چھ خواتین سمیت متعدد کشمیری نوجوان شہید ہوچکے ہیں اوربھارتی ملٹری پیرافورس کی جارحیت برابرجاری ہے ،نریند مودی کی سربراہی میں بھارت کی فسطائی حکومت کی طرف سے گزشتہ سال5 اگست کو نافذ کیے جانے والے فوجی محاصرے سے مقبوضہ علاقے میں کشمیریوں کے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہورہے ہیںجونہایت تشویشناک ہیں۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی کی جانب سے فوجی محاصرے کو14ماہ مکمل ہوچکے ہیں، بھارتی فوجیوں کی جانب سے پرامن مظاہرین پر گولیوں ، پیلٹ گنز اور آنسو گیس کے بے دریغ استعمال سے کم از کم 1498افراد شدید زخمی ہوئے ۔چودہ سو96افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔6خواتین سمیت253کشمیری شہید ہوئے ۔فوجیوں نے اس عرصے میں 89خواتین کی بے حرمتی کی اور968گھروں اور عمارتوں کو نقصان پہنچایا گیا ۔ انہوںنے مزیدکہا کہ مجلس نظامت مرکزیہ اس صورتحال پر شدید دکھ اور رنج و حزن کا اظہار کرتی ہے اورجلد ہی انٹر نیشنل سطح پرایک کانفرنس منعقد کروائے گی ، ناظم تبلیغ مولانا شریف اللہ شاہد نے بتایاکہ اسی ماہ کے آخرمیں جمعیت کی جانب سے منعقدہ کانفرنس میں آزاد کشمیر کے موجودہ صدرفاروق حیدر کی شرکت کنفرم ہوگئی ہے ان کے علاوہ برطانیہ سے بھی لارڈز کی شرکت کیلئے رابطے جاری ہیں ۔ اجلاس کے اختتام پر ناظم اعلی نے مقامی جمعیت کی برانچ کے ذمہ داروں حاجی محمد اسحٰق اور دیگر اراکین جمعیت کی مہمان نوازی کاشکریہ ادا کیا۔ 
تازہ ترین