اسلام آباد (حنیف خالد) پاکستان کے بائیسویں امیر البحر محمد امجد خان نیازی نے بدھ کی صبح پاکستان نیوی کی کمان سنبھال لی۔ پاکستان آرمی کی کمان کی تبدیلی کی تقریب میں سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جس طرح اپنے جانشین کو خصوصی چھڑی (سٹک) پیش کر کے پاک فوج کی کمان ہینڈ اوور کرتے ہیں اسی طرح 7اکتوبر 2020ء کی صبح پی این ایس ظفر میں تبدیلی کمان کی پروقار عسکری تقریب میں سبکدوش ہونے والے نیول چیف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے اپنے جانشین ایڈمرل محمد امجد خان نیازی کو روایتی اسکرول (SCROLL) پیش کر کے پاک بحریہ کے 22ویں سربراہ کی کمان حوالے کی۔ تقریب میں موجود ایک نیول آفیسر نے جنگ کو بتایا کہ آرمی چیف جس طرح خصوصی چھڑی اپنے جانشین کو کمان ہینڈ اوور کرنے کی علامت کے طور پر دیتے ہیں‘ اسی طرح پاکستان اور دنیا بھر کے ممالک میں جنگی بحری جہاز پر نصب دوربین کمان حوالے کرنے کی علامت کے طور پر نئے نیول چیف کے حوالے کرتے ہیں۔