• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بچیوں میں تمباکو اور شوگری ڈرنکس کا رجحان خطرناک ہے‘ زرتاج گل

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ) کے زیر انتظام سیمینار ہوا۔ مہمان خصوصی وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی زرتاج گل‘ وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت ڈاکٹر نوشین حامد‘ سنیٹر روبینہ خالد‘ سنیٹر ثمینہ سعید‘ ممبر قومی اسمبلی کنول شاذب‘ نیشنل کمیشن آف چائلڈ رائٹس کی چیئر پرسن افشاں تحسین باجوہ تھیں۔ پناہ کے صدر میجر جنرل (ر) مسعود الرحمان کیانی‘ جنرل سیکرٹری ثناء اللہ گھمن نے میزبانی کے فرائض سرانجام دیئے۔ زرتاج گل نے کہا کہ پناہ گزشتہ 36سال سے دل کی بیماریوں سے بچائو کیلئے آگہی دے رہی ہے، ہم انکی خدمات کو سراہتے ہیں، پناہ کی امبیسیڈر بننے کی وجہ بھی یہی ہے، بچیوں اور نوجوان لڑکیوں میں تمباکو نوشی اور شوگری ڈرنکس کا بڑھتا ہوا رجحان قابل فکر ہے، اس سے کینسر کے 18فیصد اور ہارٹ اٹیک کے 42فیصد خدشات بڑھ جاتے ہیں۔ ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا کہ خواتین کو چاہئے کہ دل کے امراض سے بچنے کیلئے چکنائی کا استعمال کم کریں۔ میٹھے کے ساتھ نمک کا استعمال کم سے کم کرنا چاہئے۔ سنیٹر روبینہ خالد نے کہا کہ ای سگریٹ ایک خطرناک روش ہے جسے نوجوان نسل اپنا رہی ہے، حیرت کی بات یہ ہے کہ اسکی فروخت پر کوئی چیک نہیں ہے۔ افشاں تحسین باجوہ نے کہا کہ خواتین کو صحتمند معاشرہ کی تشکیل میں آگاہی دینا بہت ضروری ہے۔ عائشہ سید نے کہا کہ تمباکو نوشی اور شوگری ڈرنکس کو زندگی سے بے دخل کرنا ہو گا، ایم این اے کنول شاذب نے کہا کہ دل انسانی جسم کا کنٹرول روم ہے، جس کی حفاظت کرنی چاہئے۔ راضیہ نوید نے کہا کہ مضر صحت اشیاء سے زندگی کو پاک کرنا ہو گا۔ ایم پی اے فرح آغا نے کہا کہ سب سے مثبت کردار خواتین ادا کر سکتی ہیں۔ ڈاکٹر واجد علی نے کہا کہ احتیاطی تدابیر دل کے امراض سے بچنے میں معاون ثابت ہونگی۔
تازہ ترین