اسلام آباد (حنیف خالد) وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی و ریسرچ سید فخر امام نے گندم کی نئی فصل کیلئے 5لاکھ ٹن سے زیادہ مستند بیج کسانوں کو دینے کا بندوبست کیا ہے۔ پاسکو اور پنجاب سیڈ کارپوریشن یہ مستند بیج سرکاری قیمت پر کاشتکاروں کو دینگے۔ دریں اثناء وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی و ریسرچ کے ذرائع نے جنگ کو بتایا کہ وفاقی حکومت مارچ 2021ء میں گندم کی سرکاری قیمت خرید کا اعلان آئندہ ہفتے کریگی۔ سندھ‘ پنجاب‘ خیبر پختونخوا‘ بلوچستان کی حکومتوں نے گندم کی نئی سرکاری قیمت خرید کیلئے اپنی اپنی تجاویز وفاقی وزارت نیشنل فوڈ سکیورٹی و ریسرچ کو بھجوا دی ہیں جو گندم کی قیمت خرید میں اضافے سے افراط زر اور مہنگائی بڑھنے کا جائزہ لے رہی ہے۔