• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نگہت اورکزئی کی IGدفتر کے سامنے خودسوزی کی کوشش

پشاور (نمائندہ جنگ )پاکستان پیپلز پارٹی کی خاتون رکن خیبر پختونخوا اسمبلی نگہت یاسمین اورکزئی نے اپنی زمینوں پر قبضہ اور پولیس رویہ کیخلاف بطور احتجاج انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخواکے دفتر کے سامنے خود پر پٹرول چھڑک کر خودسوزی کی کوشش کی تاہم پولیس افسروں نے ان سے ماچس چھین کر آگ لگانے کی کوشش ناکام بنا دی۔

عینی شاہدین کے مطابق نگہت اورکزئی جمعہ کے روز آئی جی کے دفتر پہنچیں تاہم آئی جی ثناء اللہ عباسی اس وقت اپنے دفتر میں موجود نہیں تھےاس دوران اچانک انہوں نے اپنے اوپر پٹرول چھڑکااور اپنے بھائی سے ماچس لے کر خود کو آگ لگانے کی کوشش کی تاہم موقع پر موجود پولیس افسران اور اہلکاروں نے انہیں قابو کیا اور خود سوزی کی کوشش ناکام بنادی۔

نگہت اورکزئی نے گورنر خیبر پختونخوا شاہ فرمان پر سنگین الزامات لگا تے ہوئے گور نر ہائوس کے سامنے خود سوزی کا اعلان کر دیا ادھر گورنر نے تما م الزمات مسترد کر تے ہوئے کہا ہےکہ پولیس کی ذمہ داری ہے کہ وہ تمام شہریوں کے حقوق کا تحفظ کرے ، اگر کسی کے پاس پولیس کیخلاف شکایات ہیں تو وہ حکومت سے رجوع کر ے یا عدالت چلا جائے، خاتون ایم پی اے اپنے علاقے میں من پسند ڈی ایس پی کی تعیناتی چاہتی ہیں جن کا بڈھ بیر سے داودزئی تبادلہ کیا گیا ہے۔

پولیس میں تقرریاں و تبادلے آئی جی کا اختیار ہے جس میں گورنر ،وزیر اعلیٰ یا کوئی بھی حکومتی اہلکار مداخلت نہیں کر سکتا۔

دوسری جانب ایم پی اے نگہت اورکزئی نے جنگ کو بتایا کہ گورنر انہیں مختلف معاملات میں ذہنی ٹاچر کر رہے ہیں علاقے میں انکی زمینوں پر ناجائز قبضہ کیا گیا ہے جس کیلئے وزیر اعلیٰ نے ایک جر گہ قائم کیا تھا جس کے سربراہ ڈی ایس پی گران اللہ خان اور دیگر پولیس اہلکار تھے تاہم مبینہ طور پر گور نر نے اپنا اثر و رسوخ استعمال کر کے ڈی ایس پی کو تبدیل کر دیا ہے اسلئے بہت جلد وہ گورنر ہائوس کے باہر خود سوزی کریں گی ۔

تازہ ترین