ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں پاکستان پیپلز پارٹی ناروے کے زیر اہتمام محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی 18برسی کی تقریب منعقد ہوئی، جس کا آغاز معروف عالم دین مفتی زبیر تبسم نے تلاوت کلام پاک سے کیا۔
اس موقع پر اس سال کے دوران ناروے میں وفات پانے والے ضیاء آمریت میں جمہوری جدوجہد میں قیدوبند رہنے والے پارٹی کارکن محمد شفیع، میاں محمد اسلام کے جیالے بھائی محمد اکرام اور ناروے کی ہر دل عزیز اور کاروباری شخصیت اور پارٹی رہنما چوہدری جاوید اقبال آف دینہ چک کے لیے خصوصی دعائے مغفرت کی گئی۔
تقریب کی صدارت پاکستان پیپلز پارٹی ناروے کے سینئر نائب صدر چوہدری اسماعیل سرور گجر نے کی جبکہ مہمان خصوصی سیئنر رہنما میاں محمد اسلام تھے۔ جنرل سیکریٹری علی اصغر شاھد نے حاضرین کو خوش آمدید کہا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خالد اسحاق دھنیال نے کہا کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے ضیاء اور مشرف آمریت کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ ذوالفقار علی بھٹو نے ایٹمی پروگرام اور محترمہ بینظیر بھٹو نے پاکستان کو میزائل ٹیکنالوجی دے کر ملک کے دفاع کو مضبوط کیا ۔
ایوان صدر کے سابق پروٹوکول افسر کالم نگار شکیل اختر نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے دور کی اپنی یادیں حاضرین سے شیئر کیں اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔
نارویجن کنزرویٹو پارٹی کے رہنما اور اوسلو سٹی کونسل کے رکن طلعت محمود بٹ نے پاکستان کے موجودہ حالات کا تجزیہ کرتے ہوئے پاکستان کی تمام سیاسی پارٹیوں کی کارکردگی پر مایوسی کا اظہار کیا۔
شاعر ادیب کالم نگار اور سماجی رہنما ڈاکٹر سید ندیم حسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ میثاق جمہوریت کا ڈاکومنٹ محترمہ بینظیر بھٹو کے وژن کی ایک عملی مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے موجودہ حالات میں ایک وسیع تر میثاق جمہوریت کی شدید ضرورت ہے۔
معروف دانشور کالم نگار متحدہ محاذ آزادی۔ این ایف ایس یورپ کے رہنما ارشد بٹ ایڈووکیٹ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جہاں سیاست دان مایوس کر رہے ہیں، وہاںاچھی باتیں بھی ہو رہی ہیں۔ 18 ترمیم اور این ایف سی ایوارڈ ختم کرنے والوں کے سامنے پیپلز پارٹی دیوار بنی ہوئی ہے۔
ارشد بٹ نے کہا کہ مفاہمت کی پالیسی تھی کہ محترمہ نصرت بھٹو نے بھٹو کے شدید مخالفوں کے ساتھ ہاتھ ملا کر ایم آر ڈی کی تحریک چلائی اور آمریت کی بنیادیں ہلا دیں تھیں۔
پیپلز پارٹی ناروے کے انفارمیشن سیکریٹری راجہ عاشق حسین نے محترمہ بینظیر بھٹو شہید کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا، جئے بھٹو کے نعرے بھی لگائے اور پیر نصیر الدین نصیر مرحوم آف گولڑہ شریف کے وہ اشعار بھی سنائے جو انہوں نے محترمہ کی شہادت پر لکھے تھے۔
تقریب کے اختتام پر سینئر نائب صدر چوہدری اسماعیل سرور گجر نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلم دنیا میں محترمہ بینظیر بھٹو شہید پہلی خاتون وزیراعظم تھیں۔ پیپلز پارٹی کے ورکرز اور رہنماؤں نے جمہوریت کے لیے بےمثال قربانیاں دی ہیں۔