راولپنڈی (خبر نگار خصوصی ) پوسٹماسٹر جنرل وفاقی و شمالی پنجاب سرکل عبدالرزاق نے کہا ہے کہ پاکستا ن پوسٹ نے کورونا وبا کے دوران جس طرح خدمات پیش کیں اُسے نہ صرف پاکستان بلکہ اقوام ِمتحدہ میں بھی سراہا گیا ۔ یہ بات انہوں نے راولپنڈی جی پی او میں ڈاک کے عالمی دن کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب میں کہی ۔ اس موقع پر ڈپٹی پوسٹماسڑ جنرل فیصل تحسین ، چیف پوسٹماسٹر عبدالغفار بروہی اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ تقریب میں ڈاک افسران عملے اور سکول کے اساتذہ اور طلبہ و طالبات نے بھی شرکت کی۔چیف پوسٹماسٹر نے ڈائریکٹر جنرل یونیورسل یونین بشار حسین کا پیغام پڑھ کر سنایا ۔پوسٹماسٹر جنرل نے مزید کہا کہ محکمہ ڈاک کے کارکنان نے تمام پنشنر ز کو کورونا وبا کے دوران گھر کی دہلیز پر دو بلین روپے سے زیادہ پنشن کی رقوم پہنچائیں جس کو پوری دنیا میں سراہا جا رہا ہے، دیگر محکموں نے معمول کی خدمات میں کمی کر دی تھی لیکن ڈاک ملازمین نے خطرات کے باوجود دورانِ وبا اپنی خدمات کو حسب معمول جاری رکھا ۔ انہوں نے کہا کہ روایتی خطوط میں وقت کے ساتھ کمی آئی ہے لیکن ڈاک کے حجم میں کاروباری و سرکاری اداروں، یونیورسٹیوں اور دیگر شعبوں کی خط وکتابت سے اضافہ ہوا ہے۔ اس موقع پرڈائریکٹر جنرل یونیورسل پوسٹل یونین نے پیغام میں کہا کہ مطابق محکمہ ڈاک نے ہوائی جہازوں اور سرحدوں کی بندش کے باوجود ڈاک کے نظام کے متحرک رکھا ۔