وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جمہوریت کے نام پر قانون نہ توڑے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ اپوزیشن کے جلسوں سے متعلق حکومتی پالیسی واضح کردی ہے، حکومت عوام کی زندگی کی بہتری کے لیے مصروف عمل ہے، اپوزیشن قانون کے دائرے میں رہ کر جو مرضی کرنا چاہتی ہے کرے۔
اسد عمر نے کہا کہ ہماری پالیسی قانون کی پاسداری ہے، یہ نہیں ہونا چائیے کہ جمہوریت کے نام پر قانون توڑیں، ہماری جمہوری پارٹی ہے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا قلعہ مضبوط ہے۔
انہوں نے اپنی گفتگو میں کہا کہ کورونا وائرس کے معاملے پر صوبوں کے تعاون سے کام کر رہے ہیں، کورونا وائرس پر این سی سی کی میٹنگ بلا کر ضابطہ اخلاق طے کرنے کا فیصلہ ہوا ہے۔
اسد عمر نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو چاہیے کے جلسے نہ کیے جائیں، کورونا وائرس میں ہر چیز کے لیے ضابطہ اخلاق پہلے بنایا گیا ہے، بڑے اجتماعات کے حوالے سے ایس او پیز بھی طے ہونے چاہیں۔
اس کے علاوہ انہوں نے مزید کہا کہ قومی رابطہ کمیٹی میں معاملہ زیر غور آئے گا۔