وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر کی زیرصدارت کراچی سے متعلق اہم اجلاس ہوا ہے۔ اجلاس میں کراچی تبدیلی منصوبے کے وفاق سے مکمل کیے جانے والے منصوبوں کے نفاذ پر بات چیت ہوئی۔
اجلاس میں وفاقی و صوبائی سیکریٹریز، وزارت منصوبہ بندی، ریلوے، آبی وسائل اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) حکام نے شرکت کی۔
اعلامیے کے مطابق اجلاس میں کراچی بحالی پلان کے ان منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا، جن کی ذمے داری وفاقی حکومت نے لی ہے۔
پلان میں کراچی گریٹر واٹر سپلائی، کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر)، گرین لائن بی آر ٹی، ریلوے فریٹ کوریڈور، دریاؤں اور نالوں کی بحالی سے متعلق منصوبے شامل ہیں۔
وفاقی وزیر نے اس موقع پر متعلقہ منصوبوں پر عمل درآمد کے لیے بروقت حکمت عملی تیار کرنے کی ہدایت کی۔
اسد عمر نے ساتھ ہی استفسار کیا کہ نشاندہی کی جائے صوبائی حکومت سے کسی منظوری یا تعاون کی ضرورت ہے یا نہیں؟
انہوں نے مزید کہا کہ منصوبوں پر عمل درآمد کرنے والی ایجنسیاں سہ ماہی مالی ضروریات کی نشاندہی بھی کریں۔
وفاقی وزیر نے اجلاس کے شرکاء پر واضح کیا کہ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت کے مطابق ان منصوبوں کو جلد از جلد عملی جامہ پہنانا ہے۔