کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر خرم شیر زمان اور گورننگ باڈی کے رکن ارسلان فیصل مرزا نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ مسلم لیگ ن پاکستان مسلم لیگ ن لندن سے علیحدگی کا اعلان کرے، اپوزیشن جماعتیں حکومت کے خلاف ہر سازش میں ناکام ہونگی،نواز شریف لندن میں بیٹھ کر معصوم کارکنان کو استعمال کرنا چاہتے ہیں،شریف خاندان چاہتا ہے کہ تمام ملکی ادارے ان کی چوری کا تحفظ کریں،استعفیٰ لینے کی باتیں کرنے والے استعفیٰ دینے کے نہج پر پہنچ چکے ہیں،انصاف ہائوس سے جاری بیان میں رہنماوں کا مزید کہنا تھا کہ تین تین باریاں لینے والے ابھی بھی کہتے ہیں ملک کی تقدیر بدلیں گے، ملک میں بیروزگار سیاستدانوں کا ٹولہ پی ٹی آئی حکومت کے ملکی مفاد میں اٹھائے جانے والے اقدامات دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہے،اپنی کرپشن کو بچانے اور این آر او لینے کے لئے سارے کرپٹ سیاسی مافیا ایک پیج پر اکھٹے ہو گئے ہیں۔