کراچی (اسٹاف رپورٹر) سپریم کورٹ کے چیف جسٹس گلزار احمد نے کلفٹن کنٹونمنٹ اور ایم ڈی واٹر بورڈ کی سخت سرزنش کرتے ہوئے ڈی ایچ اے سمیت شہر بھر میں پانی کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم دیدیا ہے۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں کراچی رجسٹری میں ہونےوالے اجلاس میں چیف سیکرٹری، کلفٹن کنٹونمنٹ ، ڈی ایچ اے ، ایم ڈی واٹر بورڈ و دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران چیف جسٹس نے ڈی ایچ اے سمیت شہر بھر میں پانی قلت پر برہمی کا اظہار کیا ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران کلفٹن کنٹونمنٹ اور ایم ڈی واٹر بورڈ کی سخت سرزنش کی گئی۔ اجلاس کے دوران ڈی ایچ اے سمیت شہر بھر میں پانی کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ۔ اجلاس کے دوران کنٹونمنٹ انتظامیہ کی جانب سے اعلیٰ عدلیہ کے ججز کے گھروں کیلئے خصوصی لائنیں بچھانے کی پیشکش بھی کی گئی جس پر انہیں جواب دیا گیا کہ صرف ججز کےگھروں میں پانی نہیں چاہیے پورے ڈی ایچ اے کا مسئلہ حل کریں۔ چیف جسٹس نے ہدایت دی ہے کہ شہر میں جہاں جہاں پانی کی قلت ہے ختم کی جائے۔ چیف جسٹس نے سپریم کورٹ کی زیر تعمیر عمارت کیلئے سیوریج لائن کا مسئلہ حل کرنے کا حکم بھی دیدیا ہے۔