حکمران اتحاد میں شامل پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے بھی گلگت بلتستان کا الیکشن فیئر اور فری ہونے کا مطالبہ کردیا ہے۔
ق لیگ کی قیادت نے نگراں وزیراعلیٰ گلگت بلتستان میر افضل خان سے ملاقات کی اور کہا کہ انتخابات میں سب کو آزادانہ طور پر حصہ لینے کا موقع ملنا چاہیے۔
دورانِ گفتگو چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ جی بی پاکستان کی معیشت اور دفاع کے لیے بڑی اہمیت کا حامل اور سی پیک کا گیٹ وے ہے۔
چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ ہماری جماعت نے ہمیشہ اس علاقے کی اہمیت کو تسلیم کیا ہے، پاکستان کی سلامتی، دفاع اور اقتصادی ترقی کے لیے اس کی بہت زیادہ اہمیت ہے۔
میر افضل خان نے کہا کہ گلگت بلتستان کو عبوری صوبائی حیثیت دینے کا مطالبہ سب سے پہلے چوہدری شجاعت نے کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ آج ان کی کاوشوں کے نتیجہ میں ہی ہمیں یہ حیثیت حاصل ہوئی ہے، چوہدری شجاعت حسین نے اس خطہ کی ترقی اور حقوق کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔