لاہور(نمائندہ جنگ)مسلم لیگ ق کے صدر و سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ عمران خان کو اتحادیوں سے نہیں اپنوں سے ہی خطرہ ہے، پی ٹی آئی کو ساتھی سمجھتے ہیں وہ بھی ہمیں دشمن نہیں اپنے ساتھی ہی سمجھیں۔
میڈیا کے مختلف سوالات کہ اتحادی کیا کر رہے ہیں پر چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ ہم اتحادی ہونے کے علاوہ ساتھی بھی ہیں اور ساتھ نبھانا خوب جانتے ہیں، اتحادی ہمیشہ اتحاد اور مساوات پر یقین رکھتے ہیں۔
ہماری پارٹی بے شک چھوٹی ہے لیکن تجربے کے لحاظ سے ہم نے بھی دو تہائی اکثریت کے ساتھ حکومت کی ہے، اس کو سامنے رکھتے ہوئے ہم تحریک انصاف کو اپنا ساتھی سمجھتے ہیں، انہیں بھی چاہئے کہ ہمیں دشمن نہیں اپنا ساتھی ہی سمجھیں۔
چوہدری شجاعت نے مزید کہا کہ چوہدری پرویزالٰہی، طارق بشیر چیمہ، مونس الٰہی یا پارٹی کے کوئی بھی رکن بیان دیتے ہیں تو وہ سچائی اور حب الوطنی کی عکاسی کرتے ہیں۔