کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)یوتھ آف بلوچستان کے زیراہتمام معصوم بچیوں کے ساتھ زیادتی کے بڑھتے واقعات کے خلاف اتوار کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ۔ مظاہرے کے شرکاء سے حمیدہ ہزارہ ، شراف الدین ، حاجی عبدالقیوم ، مفتی شفیق اللہ ، شکر الدین و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک اور صوبے میں آئے روز معصوم بچیوں کے ساتھ زیادتی کے بڑھتے ہوئے واقعات قابل مذمت ہیں اس حوالے سے حکومتی رٹ کہیں نظر نہیں آرہی ، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے زیادتی کے بڑھتے ہوئے واقعات کی روک تھام میں ناکام ہوچکے ہیں جس کی وجہ سے ایسے واقعات میں آئے روز اضافہ ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں معصوم بچوں اور بچیوں کو زیادتی کے بعد قتل کردیا جاتا ہے لیکن آج تک ان واقعات میں ملوث کسی ملزم کو عبرت کا نشان نہیں بنایا گیا بلکہ حکومت زیادتی کے بڑھتے ہوئے واقعات کی روک تھام اور ملزمان کی گرفتاری میں سنجیدہ نظر نہیں آرہی انہوں نے کہا کہ گزشتہ دنوں قلعہ عبداللہ میں درندہ صفت افراد نے ایک معصوم بچی کو زیادتی کے بعد بےدردی سے قتل کردیا لیکن پولیس اور حکومت کی جانب سے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے کوئی حوصلہ افزا اقدامات نہیں اٹھائے گئے ۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ملک بھر میں زیادتی کے بڑھتے واقعات کی روک تھام کو یقینی بنایا جائے اس سلسلے میں زیادتی میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرکے نشان عبرت بنایا جائے ۔