ڈھاکا(اے ایف پی، جنگ نیوز) بنگلہ دیش میں شدید عوامی رد عمل کے بعد جنسی زیادتی کے مجرموں کے لیے سزائے موت مقرر کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
حکومت کی طرف سے یہ اعلان جنسی زیادتی کے واقعات کے بعد شروع ہونے والے کئی روزہ مظاہروں کے بعد کیا گیا ہے۔
بنگلہ دیشی کابینہ نے وزیراعظم حسینہ واجد کی زیر قیادت منگل 12 اکتوبر کو ریپ یا جنسی زیادتی کے مجرموں کو سزائے موت دینے کی منظوری دے دی ہے۔
بنگلہ دیشی وزیر اعظم شیخ حسینہ واجد کو خود اپنی پارٹی کے اندر سے بھی اس حوالے سے دباؤ کا سامنا تھا۔
ڈھاکا میں ایک میٹنگ کے بعد ان کی حکومت نے سزائے موت لاگو کرنے کا اعلان کیا۔
بنگلہ دیشی وزیر انصاف انیس الحق کے مطابق یہ قانون منگل 13 اکتوبر کو صدر کی جانب سے جاری کر دیا جائے گا۔