کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ مہنگائی پرقابوپانا حکومت کی ذمہ داری ہے، ٹائیگرفورس صرف مددکریگی۔
سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا کہ مہنگائی پر قابو پانا ٹائیگر فورس کا نہیں ریاست کا کام ہے، ٹائیگر فورس کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے، ٹائیگر فورس دکانداروں کو بلیک میل کر کے پیسے پکڑلیں گے ،مصنوعی مہنگائی چیک کرنے کیلئے حکومت کے پاس بڑا سرکاری عملہ موجود ہے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا کہ میڈیا نے کورونا سے متعلق آگاہی پھیلانے میں بہت مدد کی ہے،کورونا دوبارہ پھیلنے کا معاملہ دس بارہ دن پہلے اٹھایا تھا اس وقت تک اپوزیشن کے جلسوں کی کوئی تاریخ نہیں آئی تھی، اگست میں کورونا کم ترین سطح پر چلا گیا تھا اب بڑھتا نظر آرہا ہے۔
کورونا کے پھیلاؤ میں کم ترین سطح سے 16فیصد اضافہ ہوا ہے، اکتوبر کے پہلے گیارہ دن میں چار دن ایسے گزرے جس میں دس یا زیادہ اموات ہوئی ہیں، اسپین ، برطانیہ، فرانس سمیت دیگر ممالک میں کورونا کی دوسری لہر شدت سے آئی ہوئی ہے ،ان ممالک میں سردی پاکستان سے پہلے شروع ہوتی ہے، ایران اور انڈیا کے بھی حالات بھی بہت زیادہ خراب ہیں۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد لوگوں کی صحت و جان کا خیال کرنا اور روزگار بچا کر رکھنا، ایسی کوئی بھی سرگرمی جس سے لوگوں کو روزگار نہ مل رہا ہو اور صحت کا خطرہ بھی ہو تو اس سے گریز کرنا چاہئے۔
چیئرمین این سی او سی کی حیثیت سے سوچوں تو لیاقت باغ جلسے سمیت تمام جلسوں پر پابندی لگادوں، ہم یہ نہیں چاہتے کہ لوگ کہیں دوسروں کے جلسے بند کرانے کیلئے ایسی باتیں کررہے ہیں، بطور چیئرمین این سی او سی تمام سیاسی جماعتوں سے درخواست کرتا ہوں کہ جلسے جلوس کرنے پر نظرثانی کریں۔
اسد عمر نے کہا کہ مہنگائی پر قابو پانا حکومت کی ذمہ داری ہے ٹائیگر فورس صرف مدد کرے گی، عاصم سلیم باجوہ کے پاس معاون خصوصی کا عہدہ ایک طرح سیاسی تھا، عاصم سلیم باجوہ نے ایک تنازع کھڑا ہونے کے بعد سیاسی عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا کیونکہ حکومت پر بھی تنقید ہورہی تھی۔
چیئرمین سی پیک اتھارٹی کا عہدہ سیاسی نوعیت کا نہیں ہے، چینی سفیر جنرل عاصم سلیم باجوہ کے چیئرمین سی پیک اتھارٹی بننے پر بہت خوش تھے، جنرل عاصم باجوہ کی وجہ سے سی پیک میں مزید تیزی آئی ہے اس سے کوئی نقصان نہیں ہوا، عاصم باجوہ کے آنے سے مجھے معاونت حاصل ہوئی ہے ، اب سی پیک میں مزید متحرک طریقے سے کام کیا جارہا ہے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ضرور ہمارے نقش قدم پر چلے،اپوزیشن عمران خان کی طرح جلسے کر کے دکھائے پھر مانیں گے، سیاسی طور پر اپوزیشن عمران خان کی پچ پر آگئی ہے، جتنے بڑے جلسے عمران خان کرتا ہے پاکستان میں کوئی نہیں کرسکتا، اپوزیشن جتنے چاہے جلسے کرے حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔