لاہور(نمائندہ جنگ) مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ شہزاد اکبر بھیس اور گاڑیاں بدل کر نیب کے دفتر میں جاتے ہیں، شہباز شریف کے کمرے میں کیمرے لگا کر اس کی ویڈیو عمران خان کو بھجوائی جاتی ہے ،شہزاد اکبر کے کہنے پر زمین پر کھانا رکھ کر دیا جاتا رہا ،پرسوں شہباز شریف نیب کی تحویل میں زخمی ہوئے ، حکومت کے ذہنوںسے گوجرانولہ کا جلسہ نہیں نکل رہا ،حکومت کے جلسوں میں اپوزیشن جماعتوں کا گوجرانولہ کا جلسہ ایجنڈا ہوتا ہے ،حکومتی ترجمانوں کے بیانات سے واضح ہے کہ حکومت جا چکی ہے ،نیب نے تسلیم کیا کہ شہباز شریف کے خلاف کرپشن کا کوئی الزام نہیں ،پانی میں مدھانی ڈال کر مکھن نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔مسلم لیگ(ن) کے صدر شہباز شریف کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو اور اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت رکاوٹیں ڈال رہی ہیں ،کنٹینرز لگا کر کوشش کی جارہی ہے کہ جلسہ نہ ہونے دیا جائے۔اپنے بیان میںانہوں نے کہا کہ اس وقت ایوان بالا اور ایوان زیریں میں 16 اکتوبر کا جلسہ موضوع بحث ہے ،آٹا ،چینی چوروں نے مہنگائی کا طوفان برپا کردیا ہے ۔