لاہور (نمائندہ جنگ) احتساب عدالت لاہور نے منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف کو 20اکتوبر تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کرتے ہوئے ایک ہفتے میں تفتیش مکمل کرنے کی ہدایت کر دی جبکہ ان کے صاحبزادے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں27اکتوبر تک توسیع کردی۔ ،وکلاء نے شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز کی مستقل طور پر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کردی۔ احتساب عدالت کے جج جوادالحسن نے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کی۔دوران سماعت شریک ملزمان قاسم قیوم، فضل داد عباسی، نثار احمد، مسرور انور، شعیب قمر، محمد عثمان و دیگر ملزموں کی حاضری مکمل کی گئی جبکہ جویریہ علی کے پلیڈر محمد نعمان ایڈووکیٹ نے حاضری مکمل کرائی ۔عدالت نے زیرحراست ملزمان کو کمرہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا اور استفسار کیا کہ قائد حزب اختلاف شہباز شریف ابھی تک کیوں پیش نہیں ہوئے ؟،جس پر نیب پراسیکیوٹر نے موقف اختیار کیا کہ کوشش ہوتی ہے جلدی لایا جائے مگر ملزم خود جلدی نہیں نکلتا۔