لاہور (جنرل رپورٹر) ریلوے نے موسم سرما کے نئے ٹائم ٹیبل کا اعلان کر دیا، جو 15اکتوبر سے نافذالعمل ہوگا۔ نئے ٹائم ٹیبل میں کورونا وباء سے پہلے جن ٹرینوں کے سٹاپ ختم کر دیئے گئے تھے وہ تمام سٹاپ بحال کر دیئے گئے ہیں۔ 15اکتوبر سے لاگو ہونے والے ٹائم ٹیبل میں5 ٹرینوں کو چکلالہ ریلوے اسٹیشن پر نئے سٹاپ دیئےگئے۔ نئے سٹاپ دئیے جانے والی ٹرینوں میں سر سید ٹرین ،راول ٹرین، ہزارہ ٹرین،جعفر ٹرین اور سبک رفتار کے نام شامل ہیں۔ جبکہ لاہور ریلوے اسٹیشن پر خیبر میل اورگرین لائن کے سٹاپ کے دورانیے کو 30منٹ سے بڑھا کر 35منٹ کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ میانوالی ٹرین کو لاہور ،سرگودھا، خوشاب، کُندیاں اور ماڑی انڈس کے درمیان بحال کر دیا گیا ہے۔ نئے ٹائم ٹیبل میں کئی ٹرینوں ٹرین کے اوقات کار تبدیل کئے گئے ہیں۔