• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جزائر کے حوالے سے وفاق اپنا آرڈیننس واپس لے، کراچی بار

کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے آئی لینڈز کے حوالے سے وفاق اپنا آرڈیننس واپس لے، مسنگ پرسنز کو بازیاب کرایاجائے۔ ان خیالات کا اظہار کراچی بار ایسوسی ایشن کے صدر منیر اے ملک نے سٹی کورٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے آئی لینڈز سندھ کی ملکیت ہیں،آرڈیننس جاری کرکے سندھ کی ملکیت پر قبضہ کیا جارہا ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں ۔ اس کے لیے ہم ہر سطح پر آواز اٹھائیں گے،ہڑتال کرینگے اور دھرنا دینگے۔انہوں نے کہا کہ جب سے پاکستان بنا ہے مسنگ پرسنز کا مسئلہ ہے۔ملک بھر سے لوگوں کو لاپتہ کیا جارہا ہے، لوگ جرائم میں ملوث ہیں تو قانون کے مطابق کاروائی کی جائے اور عدالتوں میں پیش کیا جائے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ لاپتہ افراد کو بازیاب کرایا جائے۔ کراچی بار ایسوسی ایشن وفاقی حکومت اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے مطالبہ کرتی ہے کہ مسنگ پرسنز کے خلاف قانون کے دائرے میں رہ کر کاروائی کی جائےاور ا نہیں عدالتوں میں پیش کیا جائے۔کراچی بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری جی ایم کورائی نےمطالبہ کیا کہ منظور حسین انصاری ایڈووکیٹ کے خلاف جھوٹی ایف آئی آر واپس لی جائےورنہ ہم پولیس کے خلاف سڑکوں پر آئیں گے اور ہڑتالیں بھی ہونگی۔

تازہ ترین