لاہور(نمائندہ جنگ)گوجرانوالہ میں پی ڈی ایم جلسے کے سلسلہ میں ہونے والی کارنرمیٹنگز روکنے کیلئے پولیس متحرک ہوگئی ہے۔کوروناایس اوپیزکی خلاف ورزی کےالزام میں مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کےسیکڑوں کارکنوں کو گرفتاراور مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق پولیس نےجاتی امرا کی اطرف کنٹینرزپہنچادیئے،گرفتاریوں کیلئے چھاپے جاری،کئی شہروں میں ضلعی انتظامیہ متحرک،بینرزاتاردیئے،کارنرمیٹنگزسے ساؤنڈسسٹم ،کرسیاں اٹھالی گئیں،فضائی نگرانی،پکوان سنٹروں کوکھانا، ٹرانسپورٹروں کوبسیں فراہم کرنے سے روک دیاگیا۔تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس نے رائیونڈ جاتی امراکو مکمل سیل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے جاتی عمرہ جانے والے راستوں پر کنٹینرز پہنچا دئے ہیں جبکہ مسلم لیگ کے رہنمائوں اور سرگرم کارکنوں کی گرفتاریوں کے لئے لاہور پولیس کو خصوصی ٹاسک دے دیا گیا جس کے بعد پولیس نے گرفتاریوں کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ کسی صورت بھی شہر سے ریلی نکلنے کی اجازت نہ ہو گی اور اس حوالے سے پولیس نے بس اڈوں کو بھی بسیں فراہم نہ کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ذرائع کا کہناہے کہ علاقہ کو مکمل سیل کرنے کے لئے کنٹینرز رات سے اڈا پلاٹ جاتی امراکے قریب کھڑے ہیں۔کنیٹنرز ڈرائیور کا کہنا ہے کہ ہمیں یہاں زبردستی یہاں لائے ہیں۔گاڑیوں کی چابی تک لے گئے ہیں۔