لاہور(صباح نیوز)امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ حکمران جب بھی کسی شکنجے میں پھنستے ہیں خود ساختہ کمیشن کے پیچھے چھپ جاتے ہیںآج تک کسی کمیشن کی طرف سے قوم کو حقائق سے آگاہ نہیں کیا گیا ۔پاکستان دو لخت ہوا مگر اس کے ذمہ داروں کا تعین کیا گیا اور نہ سربستہ رازوں سے پردہ اٹھایا گیاجبکہ جماعت اسلامی کے قائدین کو بنگلا دیش حکومت آج بھی پھانسیوں پر لٹکا رہی ہے ۔ قوم اب کسی مکر و فریب میں نہیں آئے گی ،قومی دولت لوٹ کر بیرونی بینکوں میں جمع کرانے اور ٹیکس بچانے کیلئے آف شور کمپنیاں بنانے والوں کو قوم جان چکی ہے ۔دولت کے پجاریوں کو اب ایک ایک پائی کا حساب دینا پڑے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لوئر دیر میں اپنے حلقہ انتخاب کے وفود سے ملاقاتوں کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاناما لیکس میں دنیا بھر کے جن سیاستدانوں ، بیورو کریٹس کا نام آیا ہے وہ عوامی دبائو کی وجہ سے استعفے دے رہے ہیں مگر ہمارے ہاں عجب تماشا ہے کہ پہلے قومی دولت پر ہاتھ صاف کرتے ہیں ،اربوں ڈالر بیرون ملک منتقل کرتے ہیں اور جب عوام اس لوٹ کھسوٹ اور بدیانتی کے خلاف احتجاج کرتے ہیں تو اپنی مرضی کے لوگوں پر مشتمل کمیشن بنا دیئے جاتے ہیں جو سال ہا سال گزرنے کے بعد بھی چور کی نشاندہی کرتے ہیں اور نہ مسروقہ مال برآمد ہوتا ہے۔