• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نین ۔سین

خاتون خانہ، کہنے کو تو ایک عام سا لفظ ہے، مگر درحقیقت اس لفظ میں کئی ذمہ داریاں پنہاں ہیں۔ پورے گھر اور خاندان کی صحت، کھانے پینے، پہننے اوڑھنے سے لے کر گھر کے ہر فرد کی چھوٹی چھوٹی ضروریات کا خیال رکھنا اُس ہی کی ذمہ داری سمجھا جاتا ہے، مگر المیہ یہ ہے کہ وہ اپنے حوالے سے بے پروا ثابت ہوتی ہے۔ 

جس کی وجہ سے عموماً اُسے صحت کے بنیادی مسائل لاحق ہوجاتےہیں جب وہ اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے پوری نہیں کر پاتی توپورے گھر کا نظم و نسق بری طرح متاثر ہوجاتا ہے ۔ اس لیےاُسےچاہیے کہ وہ اپنے آپ پر بھی توجہ دے ،اپنے لئے بھی وقت نکالے، خصوصاً چند درج ذیل نکات کے حوالے سے محتاط رہے۔

٭… کہتے ہیں کہ ہم وہی ہوتے اور نظر آتے ہیں جو ہم کھاتے ہیں اور صحت مند ہونے کے لیے یقیناً صحت بخش غذا کا استعمال بے حد ضروری ہے۔ دودھ ، شہد، میوہ جات، تازہ پھل ، سبزیاں اور مناسب مقدار میں سرخ اور سفید گوشت، ایسے بنیادی غذائی اجزاء ہیں جن کا استعمال بےحد ضروری ہے۔ وٹامن ای پر مشتمل غذائیں جلد کو پررونق رکھنے میں معاون ہوتی ہیں۔ آئرن اور زنک پر مشتمل غذائیں آپ کو چست و توانا رکھنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔

٭… ورزش کی اہمیت سے بھلا کون انکار کرسکتا ہے۔ اگر آپ باقاعدہ کوئی ورزش نہیں کرسکتیں۔ تو چہل قدمی، رسی کودنے اور سائیکل چلالیں،یہ ورزشیں آپ کو فٹ رکھنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہیں۔ اس کے علاوہ دماغی کارکردگی کو بڑھانے اور تھکن اتارنے کے لیے گہری سانس لیں۔

٭… پانی رب کریم کی ایک نعمت ہے، نہارمنہ ایک گلاس سادہ پانی پینے سے جسم کی اندرونی صفائی ہوجاتی ہے۔ روزانہ عسل کرنا آپ کو ہشاش بشاش رکھنے میں معاون ثابت ہوتا ہے۔دن میں کئی بار پانی پینے کے ساتھ چہرے پر پانی کے چھینٹے ماریں ،ایسا کرنے سے تازگی کا احساس ہوتا ہے یاد رکھیں کہ پانی زندگی کا ضامن ہے۔

٭… اپنے آپ کو مشین نہ بنائیں۔ کاموں کے ساتھ آرام کرنےاور سونےکے اوقات بھی ضرور مقرر کریں، تاکہ جب آپ سو کر اُٹھیں توتازہ دم ہوں۔اپنے آپ کو پرسکون رکھنے کی کوشش کریں۔ کوئی مشغلہ ضرور اپنائیں۔ فالتو اوقات میں مشغلے سے دل بہلائیں۔

٭… 40 سال سے زائد عمر کی خواتین باقاعدگی سے اپنا میڈیکل چیک آپ کرائیں۔ معمولی بیماری کو بھی نظر انداز نہ کریں۔مکمل علاج کریں اپنے معالج سے رابطے میں رہیں۔

٭… یہ بات ذہن نشین کرلیں کہ اگر آپ اپنا خیال نہیں رکھیں گی۔ تو کوئی دوسرابھی نہیں رکھے گا۔

تازہ ترین