• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا کیسز 50 روز کی بلند ترین شرح پر، 755نئے مریض، 13 اموات

کراچی، اسلام آباد، لاہور(اسٹاف رپورٹر، نمائندہ جنگ، جنگ نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ ملک میں گزشتہ روز کورونا کے مثبت کیسز کی 50 روز کے دوران بلند ترین شرح نوٹ کی گئی ،24گھنٹوں کے دوران755نئے مریض، 13 اموات،فعال کیسز 9 ہزار سے زائد ہوگئے، کراچی،لاہور،اسلام آباد اورمظفرآباد میںکیسز بڑھ رہے ،سخت اقدامات کرنے پڑسکتے ہیں۔

سماجی رابطے کی سائٹ پرانہوں نے کہا کہ گزشتہ روز کورونا کے مثبت کیسزکی شرح 2.37 فیصد رہی، کورونا کےمثبت کیسزکی شرح 50 دن میں سب سے زیادہ ہے، آخری بار کورونا مثبت کیسز کی یہ شرح 23 اگست کو تھی۔

وفاقی وزیرنے کہا کہ گزشتہ 4 روزکے دوران کورونا سے یومیہ اموات کی اوسط 11ہے،یہ سب کورونا کے دوبارہ بڑھنے کی نشانیاں ہیں، مظفرآباد میں کورونا مثبت آنے کی شرح بلند ترین ہے۔

اس کے علاوہ کراچی میں بھی اس کی شرح زیادہ ہے، لاہور اور اسلام آباد میں کورونا کیس بڑھ رہے ہیں، یہی موقع ہے کہ ہم سب کورونا سے بچاؤ کے لئے حفاظتی اقدامات کو سنجیدہ لیں، دوسری صورت میں حکومت کو سخت اقدامات کرنے پڑیں گے۔

تازہ ترین