کراچی (اسٹاف رپورٹر/این این آئی) پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اور وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی راشد ربانی انتقال کرگئے وہ کئی روز سے نجی اسپتال میں وینٹی لیٹر پر تھے۔ انہیں کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا،چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے راشد ربانی کے انتقال پر 3 روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ 18 اکتوبر کا جلسہ عام شہداء کارساز اور مرحوم راشد ربانی کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے منعقد ہوگا۔ گورنر سندھ عمران اسماعیل، سابق صدر آصف علی زرداری، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ، وزیر اطلاعات و بلدیات ناصر حسین شاہ، صوبائی وزیر سعید غنی، صوبائی وزیر سردار شاہ،وزیر ثقافت، سیاحت و نوادرات سید سردار علی شاہ، بیرسٹر مرتضی وہاب، سید سہیل عابدی، وقار مہدی،متحدہ قومی مو ومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبو ل صدیقی،فیصل سبزواری، چیئرمین پی ایس پی مصطفیٰ کمال، مسلم لیگ فنکشنل سندھ کے رہنما سردار عبد الرحیم،تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی آفتاب احمد صدیقی،پی ٹی آئی کراچی کے رہنما فرخ احمد اور دیگر شخصیات نے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام اور اہلخانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ راشد ربانی کے اہل خانہ نے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے بتایاکہ وہ کئی روز سے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔ ڈاکٹرز نے انہیں سانس لینے میں دشواری کے باعث دو روز قبل وینٹی لیٹر پر منتقل کیا تھا۔