• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودی عرب کا اونٹوں کو پاسپورٹ جاری کرنے کا اعلان

فوٹو — عرب میڈیا
فوٹو — عرب میڈیا 

سعودی عرب نے اونٹوں کو پاسپورٹ جاری کرنے کے منصوبے کا اعلان کر دیا ہے۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق وزارتِ ماحولیات، پانی اور زراعت کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے شعبے کی پیداواری صلاحیت اور کارکردگی میں اضافہ ہوگا اور اونٹوں سے متعلق ایک قابلِ اعتماد ڈیٹا بیس تیار کیا جا سکے گا۔

سعودی عرب کے نائب وزیر برائے ماحولیات، پانی اور زراعت منصور الموشیطی نے منگل کو سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ شیئر کی۔

اُنہوں نے پوسٹ میں سبز رنگ کے پاسپورٹ کی تصویر بھی شیئر کی ہے جس پر سعودی عرب کے قومی نشان کے ساتھ سنہرے رنگ سے اونٹ کی تصویر بنی ہوئی ہے۔

2024ء کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سعودی عرب میں اونٹوں کی تعداد تقریباً 22 لاکھ ہے۔

واضح رہے کہ اونٹ صدیوں سے عرب کی سرزمین پر نقل و حمل کا ایک اہم ذریعہ رہے ہیں اور آج کے جدید دور میں بھی اونٹ عرب میں اپنے مالکان کے لیے وقار اور سماجی حیثیت کی علامت سمجھے جاتے ہیں۔

اونٹوں کی تاریخی اور ثقافتی اہمیت کی وجہ سے عرب میں اونٹوں کی افزائش ایک منافع بخش صنعت کی شکل اختیار کر چکی ہے اور سعودی عرب میں تو ہر سال منعقد ہونے والے مختلف تہواروں پر اونٹوں کے حُسن کے مقابلے بھی ہوتے ہیں اور شوقین افراد ان مقابلوں کے لیے اپنے اونٹوں پر لاکھوں ڈالرز خرچ کرتے ہیں۔

دلچسپ و عجیب سے مزید