پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق نے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ بھارت کے خلاف آواز اٹھائی جائے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے اعصام الحق نے پاک بھارت ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ تنازع پر کہا کہ بھارت سمجھتا ہے کرکٹ نہ کھیل کر پاکستان کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ محسن نقوی ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر ہیں جس کے تحت بنگلادیش کرکٹ بورڈ بھی آتا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے بنگلادیش کے لیے قدم اٹھایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 6 سال قبل بھارت کے خلاف پاکستان ٹینس فیڈریشن نے آواز اٹھائی اور پھر بھارتی ٹیم ڈیوس کپ کھیلنے پاکستان آئی تھی۔ بھارت کو یکطرفہ طور پر کرکٹ پر غلبہ پانے کی اجازت نہیں دی جانی چاہیے۔
اعصام الحق نے کہا کہ ہاتھ نہ ملانے پر بھارت کی مینٹیلٹی ظاہر ہوتی ہے، پاکستان ورلڈ کپ جیتے نہ جیتے لیکن ایسے فیصلے پر پاکستان ورلڈ کپ جیت گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت اگر دیگر کھیلوں میں بائیکاٹ نہیں کرتا تو پاکستان کو بھی دیگر کھیلوں میں بائیکاٹ نہیں کرنا چاہیے، بھارت کو ہمیشہ کھیل کی دعوت دی لیکن بھارت خود پاکستان نہیں آیا۔
صدر پاکستان ٹینس فیڈریشن نے مزید کہا کہ ڈیوس کپ میں بھی بھارت پاکستان آنے کا بائیکاٹ کر رہا تھا مگر پاکستان ٹینس فیڈریشن نے کیس لڑا، بھارتی ٹینس پر پابندی لگائی جارہی تھی تو بھارتی ٹیم پاکستان آئی۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ کرکٹ کی وجہ سے دیگر کھیل بھی متاثر ہوتے ہیں، بھارت میں پاکستانی کھلاڑی نہیں جاسکتے کیونکہ ویزا بند ہے مگر بھارتی کھلاڑی جب بھی پاکستان آئے ہیں انہوں نے انجوائے کیا ہے۔