کوئٹہ(خ ن)کمشنر کوئٹہ ڈویژن اسفندیار خان نے کہا ہے کہ بچوں کے ساتھ زیادتی کے واقعات کی روک تھام کے لیے تمام قانونی اقدامات بروئے کار لائے جائیں، معاشرے سے ایسے ناسور واقعات کے تدراک کے لیے ایک جامع پلان بنایا جائے والدین، اساتذہ ، علماء اور معاشرے کے ہر فرد ایسے واقعات کے لیے متحد ہو کر ان کے خلاف مہم چلائیں تاکہ معصوم بچے ان درندوں سے بچ سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چائلڈ پروٹیکشن کے حوالے سے ایک اجلاس کے دوران کیا۔ اجلاس میں یونیسیف چائلڈ پروٹیکشن یونٹ کے وفد، ڈی سی پشین اور اسسٹنٹ کمشنر پولیٹیکل کوئٹہ بھی موجود تھے۔ کمشنر کوئٹہ ڈویژن نے کہا کہ بچوں کے ساتھ زیادتیوں کا نوٹس لینے کے لئے معاشرے کا ہر فرد اپنا کردار ادا کرے، میزئی اڈہ میں ہونے والا حالیہ واقعہ میں ملوث گرفتار افراد کو قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔انہوں نے تمام ڈی سی صاحبان کو ہدایت کی کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں۔ کوئٹہ،پشین اور قلعہ عبداللہ ڈسٹرکٹ لیول پر ایک ٹول فری نمبر بنایا جائے اور ایک فوکل پرسن کو بٹھا کر ایسے واقعات کی شکایت کو درج کیا جائے تاکہ ایسے واقعات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔