• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان یاد رکھو صفحہ پلٹتے دیر نہيں لگتی، مریم نواز


پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ کون کہتا تھا کہ عوام کہیں گے تو استعفا دے دوں گا۔ آج لاہور سے گوجرانوالہ تک لوگوں کا ایک ہی نعرہ تھا گو نیازی گو نیازی۔ عمران خان یاد رکھو صفحہ پلٹتے دیر نہيں لگتی۔

اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد کے پہلے پاور شو کے دوران گوجرانوالہ کے جناح اسٹیڈیم میں مریم نواز نے اپنے خطاب میں کہا کہ کون کہتا تھا کہ عوام کہیں گے تو استعفا دے دوں گا، لیڈی ہیلتھ ورکرز اسلام آبادکی سڑکوں پر رل رہی ہیں، ان کا مقدمہ لے کر آئی ہوں۔

مریم نواز نے کہا کہ حساب کتاب صرف عوام کو کرنا ہے۔ آٹا چوری ہوتا ہے، مارکیٹ سے بھی غائب ہوتا ہے، پہلے غائب کردو، پھر قیمتیں بڑھا کر مارکیٹ میں لے آؤ، یہ ہمیں سسیلین مافیا کہتے تھے ، اب پتا چلا ہے مافیا کیا ہوتا ہے؟۔

انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی کے مارے عوام کا مقدمہ لے کر آئی ہوں۔ آپ کے منتخب نمائندوں کو ایک اقامے پر نکال دیا جاتا ہے، انکا مقدمہ لے کر آئی ہوں۔ ووٹ کو عزت نہیں ملتی تو عوام کا وہ حال ہوتا ہے جو آج سب کا ہو رہا ہے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ جب عمران خان کی کرپشن کی داستانیں باہر آئیں گی تو لوگ کانوں کو ہاتھ لگالیں گے، آپ کہتے ہو سارے ادارے ایک پیج پر ہیں، عمران خان یاد رکھو صفحہ پلٹتے دیر نہيں لگتی۔

ان کا کہنا تھا کہ کیا آج کاروبار کو تالے نہیں لگے ہوئے، میں آج تاجر، مزدور اور ریڑھی بان کا مقدمہ لے کر آپ کے پاس آئی ہوں، ابھی کچھ دن پہلے سرکاری ملازم ہزاروں کی تعداد میں ریڈ زون میں آکر بیٹھے تھے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو ایک ہفتےسے گوجرانوالہ کے جلسے کا خوف تھا، جلسے میں شریک افراد بتائیں  کہ عمران خان کو این آر او دینا ہے یا نہیں، اب آرام سے جانا ہے یا لوگ تمہيں اٹھا کر باہر پھینک دیں۔

تازہ ترین