اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے جاسوسی اور دہشتگردی کے الزام میں سزا پوری کرنیوالے چار بھارتی مجرموں کی رہائی سے متعلق درخواست چیف جسٹس کو بھیجنے کی ہدایت کر دی ہے۔ گزشتہ روز جسٹس محسن اختر کیانی نے بھارتی قیدیوں اور انڈین ہائی کمیشن کی درخواست کی سماعت کی، اس موقع پر فاضل جسٹس نے کہا کہ اسی نوعیت کے دیگر مقدمات چیف جسٹس اطہر من اللہ کی عدالت میں زیر سماعت ہیں، لہٰذا یہ کیس بھی اسی عدالت میں بھجوا دیتے ہیں، درخواست کے مطابق سزا یافتہ تین بھارتی مجرم لاہور جبکہ ایک کراچی کی جیل میں قید ہے۔