• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایک درجن انڈوں کی قیمت 160 روپے کیوں ہوئی؟ علی گل پیر کا مزاحیہ تبصرہ

مشہور شخصیات کو اپنے مختلف انداز سے ’ٹرول‘ کرنے والے علی گل پیر نے اس بار نقالی کیلئے پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کے بیان کا انتخاب کیا ہے۔

مزاحیہ ویڈیوز بنانے والے علی گل پیر نے ماضی میں دیے گئے عمران خان کے دیہی خواتین کو دیسی انڈے اور مرغیاں دیے جانے سے متعلق بیان پر پُرمزاح ویڈیو بنائی جسے دیکھنے والے خوب پسند کررہے ہیں۔

علی گل پیر نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’مرغیوں کی مدد کیلئے وزیراعظم کا پلان، یہی وجہ ہے کہ ایک درجن انڈوں کی قیمت 160 روپے  ہوچکی ہے۔‘

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کا اپنے اس بیان میں کہنا تھا  کہ ’دیسی مرغیوں کے ان کو انڈے اور بچے دیں گے، میں آج آپ کو وہ چیزیں بتا رہا ہوں جس میں اربوں ڈالرز کی ضرورت نہیں ہے، یہ تجربہ ہوچکا ہے۔‘

عمران خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’مرغیوں کو اگر ہم ٹیکے لگا کر ان کی مدد کردیں تو ان میں پروٹین کی مقدار میں اضافہ ہوگا ان کے پاس بیچنے کیلئے مرغیاں بھی ہوں گی اور انڈے بھی۔‘


علی گل پیر نے عمران خان کے اس بیان پر زبردست ایکٹنگ کی جسے دیکھ کر سوشل میڈیا صارفین خوب محظوظ ہورہے ہیں۔

اگلے ٹویٹ میں انہوں نے طنزاً لکھا کہ ’ ظاہر ہے کہ چکن کی غلطی ہے، وہ بھول گئیں کہ کس طرح سے وزیراعظم نے ان کی مدد کی تھی اور اب وہ اپنے انڈے اتنی زیادہ قیمت پرفروخت کررہی ہیں۔‘

علی گل پیر کی اس پیروڈی کو دیگر ویڈیوز کی طرح بھرپور پذیرائی مل رہی ہے۔ علی گل پیر پاکستانی فنکاروں سمیت عالمی شہرت یافتہ اداکاروں کی نقل اُتارنے کی وجہ سے خاصے مشہور ہیں۔

تازہ ترین