• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نوازشریف کا بیانیہ ان کا نقطہ نظر ہے اور کسی حد تک درست ہے، وزیراعلیٰ سندھ

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ نوازشریف کا بیانیہ ان کا نقطہ نظر ہے اور کسی حد تک درست بھی ہے، ساتھ میں وفاقی وزیر شبلی فراز کو دعوت دی کہ وہ کراچی آئیں اپوزیشن کا جلسہ دیکھیں۔

ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو، سعید غنی اور ناصر شاہ کے ہمراہ جلسہ گاہ باغِ جناح کے دورے کے موقع پر کیا اور پی ڈی ایم کے جلسے کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

سید مراد علی شاہ نے کہا کہ مجھے نواز شریف کے مکمل بیانیے سے اتفاق نہیں ہے لیکن نواز شریف کا بیانیہ کسی حد تو درست ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صوبے کا سربراہ میں ہوں تو پولیس کے غلط کاموں کا جواب بھی میں ہی دوں گا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہر سال 18 اکتوبر کو شہدا کی یاد میں تعزیتی جلسے کا انعقاد کرتی ہے، رواں سال پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کی قیادت نے اس جلسے کو عزت بخشی ہے، وفاقی حکومت کے اقدامات کی وجہ سے عام آدمی کو پریشانیوں کا سامنا ہے اتوار کو پورے سندھ سے عوام یہاں احتجاج ریکارڈ کروانے آئیں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ شبلی فراز کو بھی دعوت دیتا ہوں کہ وہ یہاں آکر اپنی آنکھوں سے جلسے کے مناظر دیکھیں اگر گوجرانوالہ میں ہونے والا جلسہ ناکام تھا تو پھر حکومت کو پریشانی کس کی ہے، حکومتی نمائندے سکون سے جاکر گھر بیٹھیں۔

جلسے کے تناظر میں انھوں نے سندھ میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ اور اس سے متعلق حکومتی اقدامات پر بھی روشنی ڈالی۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ سندھ وہ پہلا صوبہ ہے جس نے کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے اقدامات کیے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ جلسے میں ایس او پیز کا خیال رکھیں گے کیونکہ ہمیں عوام کی صحت کے حوالے سے بھی فکر ہے جلسوں میں ماسک پر وہ لوگ تنقید کررہے ہیں جو بند کمروں میں بھی ماسک استعمال نہیں کرتے۔

تازہ ترین