• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم نے ٹائیگر فورس کا کردار واضح کر دیا

اسلام آباد (اے پی پی)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ رضا کار فورس کسی بھی معاشرے میں ایک اہم منفرد مقام رکھتی ہے، پاکستانی قوم پر جب بھی کوئی مشکل وقت آیا پوری قوم اپنے ملک کے لئے کھڑی ہوئی، 28 مارچ کو اپنے قیام سے اب تک ٹائیگر فورس نے جو سرگرمیاں کی ہیں وہ قابل تعریف ہیں۔

قوم ٹائیگر فورس کی شکرگزار ہے، گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی ایک لعنت ہے جسکی نشاندہی خود قائداعظم محمد علی جناح نے بھی کی تھی، اس لعنت سے چھٹکارے کیلئے ٹائیگر فورس ذاتی مداخلت کے بغیر اپنا کردار ادا کریگی۔ 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں کنونشن سنٹر میں ٹائیگر فورس پورٹل کے افتتاح کے موقع پر ملک کے مختلف علاقوں سے آئے ٹائیگرز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ 

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کسی بھی رضاکار فورس کا معاشرے میں ایک بہت بڑا مقام ہوتا ہے، رضاکاروںکا سب سے بڑا کام شہریوں کی ضروریات اور حقوق کی حفاظت کرنا ہوتا ہے اور جمہوریت میں اسے ایک منفرد مقام حاصل ہے، جب کسی معاشرے پر مشکلات آتی ہیں تو زندہ معاشرے کے شہری رضاکارانہ طور پر حکومت کی مدد کر تے ہیں۔ 

انہوں نے ٹائیگر فورس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو آپ کی ضرورت پڑتی رہے گی، خاص طور پر شجرکاری کے لئے کیونکہ ہمارا ملک دنیا میں کلائیمٹ چینچ سے متاثرہ ممالک میں دسویں نمبر پر ہے۔ 

جب تک قوم مل کر شجرکاری نہیں کرے گی ہم اس چیلنج کو پورا نہیں کر سکتے، آئندہ تین سالوں میں ہم نے دس ارب درخت لگانے ہیں جو کوئی بھی حکومت تنہا نہیں کر سکتی۔

تازہ ترین