• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیریل ”میرا سلطان“ پیر سے ”جیو کہانی“پر دیکھیں

کراچی (محمد ناصر) دُنیا کے کئی ممالک سمیت پاکستانیوں کو اپنے سحر میں گرفتار کرنے والا مہنگا ترین اور بلاک بسٹر ترک سیریل ”میرا سلطان“ ایک بار پھر اُردو ترجمے کے ساتھ پیر سے روزانہ رات8 بجے سے رات 10بجے تک ”جیو ٹیلی ویژن نیٹ ورک“ کے ایک اور مقبول انٹرٹینمنٹ چینل ”جیو کہانی“ پر نشر کیا جائے گا۔ عوام کی بڑی تعداد اس شہرت یافتہ سیریل کو ایک بار پھر دیکھنے کیلئے بہت زیادہ بے تاب ہے۔ سلطنت عثمانیہ کے دسویں اور سب سے طاقتور سلطان سلیمان کی داستان جلال و جمال نے پہلے بھی پاکستان میں بھر میں خوب دھوم مچائی تھی۔ ڈرامے کا پلاٹ، کردار، کہانی، مکالمے اور پروڈکشن، ہر لحاظ سے قابل تعریف ہیں۔ یہ ترک سوپ پاکستان سمیت دُنیا کے کئی ممالک میں کامیابی کے جھنڈے گاڑ چکا ہے اور گذشتہ کئی برس ”جیوکہانی“ پر بھی انتہائی ذوق و شوق کے ساتھ دیکھا گیا۔ اس تاریخی ڈرامے کے اُردو ترجمے نے پاکستان میں بھی مقبولیت کے نئے ریکارڈ اپنے نام کئے۔ یاد رہے کہ بین الاقوامی سطح کی یہ پروڈکشن، ملکی ٹی وی پر نشر کی جانے والی سب سے مہنگی ڈرامہ سیریل ہے۔ ”میرا سلطان“ وہ سیریل ہے جس کے چرچے پاکستان کی پارلیمان میں بھی سنے گئے اور سلطنت عثمانیہ کی تاریخ پر بنے اس سیریل نے پاکستانی ارکان پارلیمان کو بھی اپنے سحر میں خوب گرفتار کیا۔ اس کے علاوہ رومانوی تڑکے سے سجے اس ڈرامے کے دلکش پہلو اب بھی لوگوں کے ذہنوں پر نقش ہیں۔”میرا سلطان کی حسیناؤں کے ہوش ربا انداز، بادشاہ کے ایسے ٹھاٹھ باٹھ جنہیں دیکھ کر احساس ہوتا ہے کہ شان و شوکت اور کر و فر کیسے انسان کا دماغ خراب کردیتی ہے اور سب سے بڑھ کر سیریل کی جان حورم سلطان بھی اپنے جلوے ایک بار پھر دکھانے کو تیار ہے جو کنیز اور خادمہ ہونے کے باوجود بادشاہ کی نظر پڑنے کے بعد سلطنت کی ملکہ بنی گئی تھی۔ اس کے علاوہ بادشاہ کا جلال، فتوحات کیلئے پلاننگ اور رعایا کو دی گئی آسانیاں بھی دیکھنے سے تعلق رکھتی ہیں“۔ناظرین کو یہ تمام مصالحے ایک ہی سیریل میں دیکھنے کیلئے صرف ایک دِن مزید انتظار کرنا ہوگا۔ ڈرامے کا باقاعدہ آغاز پیر سے ہوگا۔

تازہ ترین