• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میر شکیل الرحمان کی گرفتاری صحافت پر حملہ، میڈیا دشمنی ہے، مقررین

میر شکیل الرحمان کی گرفتاری صحافت پر حملہ، میڈیا دشمنی ہے، مقررین 


لاہور، پشاور (نمائندگان جنگ) ایڈیٹر انچیف جنگ جیو گروپ میرشکیل الرحمان کی نیب کے ہاتھوں غیرقانونی گرفتاری کیخلاف ہفتے کے روز بھی لاہوراور پشاور سمیت کئی شہروں میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا ، اس موقع پر صحافتی تنظیموں کے رہنمائوں اور سینئر صحافیوں نے مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میر شکیل الرحمان کی گرفتاری صحافت پر حملہ، حق و سچ کی آواز دبانے کی سازش اور میڈیا دشمنی ہے، مقررین نے میر شکیل الرحمان کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ تفصیلات کے مطابق میر شکیل الرحمان کی گرفتاری کیخلاف لاہور میں ڈیوس روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جس میں سینئر صحافیوں ظہیر انجم ،شیر علی خالطی، اویس قرنی، عائشہ اکرم، عزیز شیخ، کشمیری رہنما ہمایوں زمان مرزا،سیکرٹری جنگ ورکرز یونین محمد فاروق اعوان، رومیو جالب،زاہد محمود، محمد علی ،محمد شفیق،شاہد عزیز،جنگ، جیو، دی نیوز، آواز کے ورکرزودیگر شعبہ زندگی سے افراد نے شرکت کی۔ اس موقع پر میر شکیل الرحمان کی رہائی کیلئے نعرے لگائے گئے۔ اپنےخطاب میں مقررین نے کہا جمہوریت اور آزادی صحافت پر حملہ کرنے والوں کو کامیاب نہیں ہونے دینگے اور اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔ میر شکیل الرحمان بے قصور پابند سلاسل ہیں۔میڈیا کے بغیر جمہوریت نہیں چل سکتی ۔ پشاور میں صحافیوں نے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے حکومتی اقدام کو آزادی صحافت پر حملہ قرار دیا ، ہفتہ کے روز پشاور میں جنگ گروپ کے دفاتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت سینئرصحافی دی نیوزاورصدرپشاورپریس کلب سید بخارشاہ اوربیوروچیف جیونیوزشکیل فرمان علی نے کی ، احتجاجی مظاہرہ میں جنگ، جیو اور دی نیوز سے وابستہ صحافیوں اور کارکنوں نے شرکت کی ، مظاہرین نے میر شکیل الرحمان کی گرفتاری، آزادی صحافت پر پابندی اور صحافتی کارکنوں کے معاشی قتل عام کیخلاف شدید نعرہ بازی بھی کی ، احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے سیدبخارشاہ نے کہاکہ میر شکیل الرحمان کی گرفتاری انتہائی افسوسناک ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں، اس قسم کے حربے جنگ گروپ کو حق اور سچ لکھنے اور دکھانے سے نہیں روک سکتے، پشاور کے صحافی جنگ اور جیو کیساتھ ہیں اور کسی انتہائی اقدام سے گریز نہیں کریں گے، انہوں نے کہاکہ حکومت نے میڈیا پر دباؤ ڈال کر صحافیوں کا معاشی قتل عام شروع کررکھا ہے جس کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔

تازہ ترین