کراچی میں مزار قائد میں کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے نعرے لگانے کے خلاف بریگیڈ تھانے میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔
مزار قائد تقدس پامالی کے مقدمے میں مریم صفدر اور نواز شریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر سمیت 200 نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ مقدمے میں جان سے مارنے کی دھمکی، مزار قائد ایکٹ کی خلاف ورزی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی دفعات شامل ہیں۔
رہنما ن لیگ مریم نواز کی قائداعظم کے مزار پر حاضری کے موقع پر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے ’’ووٹ کو عزت دو‘‘ اور ’’مادر ملت زندہ باد ‘‘ کے نعرے لگوائے تھے۔
مقدمہ وقاص نامی شہری کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کیپٹن (ر) صفدر کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
ادھر پی ٹی آئی رہنما خرم شیر زمان نے کہا کہ ہم پاکستان کی حفاظت کے لیے موجود ہیں۔ کوئی بھی کراچی آئے مزارقائد پر حاضری اور دعا کرے لیکن اجازت نہیں دینگے کہ کوئی مزار پر ایسی ویسی حرکت کرے۔
علاوہ ازیں وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا ہے کہ مزار کو سیاست کے لیے استعمال کرنا قابل مذمت ہے جبکہ وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اور مریم نواز کو اپنے اس اقدام پر معافی مانگنی چاہیے۔