مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے سوشل میڈیا پر کہا ہے کہ پولیس نے ہوٹل میں میرے کمرے کا دروازہ توڑ کر کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو گرفتار کر لیا۔
کراچی میں مزار قائد میں کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے نعرے لگانے کے خلاف بریگیڈ تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ مزار قائد تقدس پامالی کے مقدمے میں مریم صفدر اور نواز شریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر سمیت 200 نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
مقدمے میں جان سے مارنے کی دھمکی، مزار قائد ایکٹ کی خلاف ورزی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
رہنما ن لیگ مریم نواز کی مزار قائد اعظم پر حاضری کے موقع پر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے ’’ووٹ کو عزت دو اور مادر ملت زندہ باد ‘‘ کے نعرے لگوا ئے تھے۔ مقدمہ وقاص نامی شہری کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔
دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کیپٹن (ر) صفدر کو فوری گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔