• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مزار قائد پر نعرہ بازی شرمناک عمل ہے، احسن بٹ

وٹفورڈ ( نمائندہ جنگ)پی ٹی آئی یوتھ ونگ وٹفورڈ کے سینئر مرکزی رہنما احسن بٹ نے وٹفورڈ میں یوتھ ونگ کے رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر نعرہ بازی کرکے شرمناک حرکت کی ہے ۔ پی ٹی آئی یوتھ ونگ اس واقعہ کی مذمت کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا قائد اعظم محمد علی جناح کا احترام ہم سب کا قومی فریضہ ہے۔ انہوں نے کہا ہم پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس واقعہ کی تحقیقات کی جائے کہ اپوزیشن جماعتوں خصوصاً ریٹائرڈ کیپٹن صفدر ان کی اہلیہ اور باقی حضرات نے مزار قائد پر دعائے مغفرت کے بجائے وہاں نعرہ بازی کرکے شرمناک حرکت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ اس واقعہ میں ملوث ہیں ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے ۔ احسن بٹ یوتھ ونگ وٹفورڈ کے رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن کا گوجرانوالہ اور کراچی کا جلسہ بری طرح فلاپ ہوا ہے ۔ عوام نے ان کرپٹ جرائم پیشہ افراد کو مسترد کر دیا ہے ۔ اپوزیشن جماعتوں نے قوم کو ہمیشہ جہوریت کے نام دھوکہ دیا ہے۔ ان جماعتوں کے پاس قوم وملک کی تعمیروترقی و خوشحالی کے کوئی روڈ میپ نہیں ہے۔اس موقع پر وٹفورڈ کی ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت حمید بٹ نے پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کے قائدین کے طرز تکلم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں نے ملک وقوم کا لوٹا ہوا اربوں روپیہ واپس کرنے کے بجائے اداروں پر نفرت آمیز حملے شروع کر دیئے ہیں، جس کی واضح مثال مزار قائد پر شرمناک حرکت ہے۔ ہم اس واقعہ کی مذمت کرتے ہیں ۔ حمید بٹ نے کہا ووٹ کی عزت قانون و انصاف کی بالادستی کے ساتھ وابستہ ہے۔ یہ اپوزیشن جماعتیں سب سے پہلے پاکستان کو عزت دیں قوم کا لوٹا ہوا اربوں روپیہ جلسے جلوسوں پر خرچ کرنے کے بجائے قومی خزانہ میں جمع کرائیں ۔ ان کرپٹ چور سیاستدانوں کی وجہ سے پاکستان عالمی سطح پر اپنی پوزیشن مستحکم نہیں کر سکا ۔آج پاکستان کھربوں روپے کا مقروض ہے۔ حمید بٹ نے کہا کہ حکومت پاکستان ان کرپٹ چور سیاستدانوں کے مقدمات کلیئر ہونے تک پارلیمنٹ و صوبائی اسمبلیوں ان کی رکنیت منسوخ کیجائے ۔ انہوں نے کہا عوام افواج کے ساتھ کھڑے ہیں ۔ 
تازہ ترین